وطن نیوز انٹر نیشنل

کورونا سے جامعہ کراچی کے مالی حالات خراب, فیس وصولی میں 60 کروڑ کی کمی

کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ 63 فیصد اخراجات جامعہ کراچی اپنے ذرائع آمدن سے پورے کرتی ہے لیکن کورونا وائرس کی درپیش صورتحال کے پیش نظر امسال جامعہ کراچی کو فیس وصولی میں 60 کروڑ کی کمی آئی ہے جس کی وجہ سے جامعہ نامساعد مالی حالات کا شکارہے ، تاہم مشکلات کے باوجود اساتذہ محدود وسائل کے ساتھ گراں قدرخدمات انجام دے رہے ہیں جولائق تحسین ہے ،ہرممکن کوشش ہے کہ تنخواہوں ،پینشنز کی ادائیگیوں کے ساتھ میڈیکل کی سہولتوں کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے ، جامعات کی ترقی کے لیے ریسرچ کلچر کا فروغ ناگزیر ہوگیاہے ، ہمارے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کئے بغیرمطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوسکتے ، اس پس منظر میں تحقیقی رجحانات کو فروغ دینا عصری تقاضا ہے ،تحقیق علم کی بنیاد ہے ، کوئی بھی قوم تحقیق کے میدان میں ترقی کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی اور تحقیق کے لئے وسائل کی فراہمی ضروری کیونکہ وسائل کے بغیر تحقیق ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزیدکہاکہ فیصلے ہمیشہ برابری، شفافیت اور انصاف کی بنیاد پر ہونے چاہئیں اور مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی اس پر عمل پیرا ہے ۔ رؤسائے کلیہ جات اور صدورشعبہ جات کا تحقیقی اور تدریسی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ہوتاہے ۔ اگر ہم سب اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے سرانجام دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ جامعہ کراچی کا شماردنیا کی بہترین جامعات میں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کا بنیاد ی کردار اکیڈمک ڈیولپمنٹ ہے جس کے بغیر معاشرے میں امن کاقیام ممکن نہیں اور فنڈز میں کمی کی وجہ سے اکیڈمک ڈیولپمنٹ شدید متاثر ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے سلیکشن بورڈز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تواتر سے انعقاد کی وجہ سے ہمیں اس میں کافی حد تک کامیابی ملی ۔ میری پوری کوشش ہے کہ اساتذہ اور ملازمین کو بہترسے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کو سالانہ عشائیے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر انیلا مبر ملک نے انجمن اساتذہ کی سالانہ کاکردگی کی رپورٹ پیش کی ۔اس موقع پر سبکدوش اورنووارد اساتذہ کوشیلڈز بھی پیش کی گئیں ،تقریب میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر معیز خان نے انجام دیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں