وطن نیوز انٹر نیشنل

چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضاسید نے کنٹرول لائن کی سویلین آبادی پر بھارتی حملوں کی مذمت کی ہے

چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضاسید نے کنٹرول لائن کی سویلین آبادی پر بھارتی حملوں کی مذمت کی ہے
برسلز(پ۔ر) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے وادی نیلم اور وادی لیپہ سمیت متعدد علاقوں میں لائن آف کنٹرول کے قریب آزاد کشمیر میں سویلین آبادی پر پے درپے بھارتی فورسزکے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ جس طرح وحشیانہ انداز میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے قریب واقع آزادکشمیرکے سویلین آبادی والے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایاگیا ہے، انتہائی قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہاکہ کنٹرول لائن پربھارتی فوج کی جارحیت میں متعدد شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے اور ان کی املاک تباہ ہونے پر بہت دکھ اورافسوس ہے۔ بیان میں کہاگیاہے کہ مقبوضہ کشمیرکے ساتھ ساتھ آزاد کشمیرکے نہتے لوگ بھی بھارتی جارحیت اورریاستی دہشت گردی سے محفوظ نہیں۔ انھوں نے کہاکہ بھارت دنیاکی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہٹاناچاہتاہے ۔ اسی لئے کافی عرصے سے لائن کنٹرول پرمسلسل اشتعال انگیز فائرنگ کررہاہے۔
یادرہے کہ جمعہ کے روز کنٹرول لائن پرواقع وادی نیلم و وادی لیپہ سمیت کئی علاقوں میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک بچی سمیت پانچ افراد شہری شہید اور تیس افراد زخمی ہوئے۔ بھارتی گولہ باری میں کئی مکان جل کر راکھ ہوگئے اور نہتے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جمعہ کے روز سکول کے بچوں سمیت لوگ جان بچانے کے لیے پناہ گاہیں تلاش کرتے رہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضاسید نے کنٹرول لائن پر بھارتی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیااور شہداکے درجات کی بلندی کے لئے دعاکی۔ خاص طور پر پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے کہاکہ دہشت گردی ریاستی ہو یا انفرادی کسی بھی صورت میں مہذب دنیاکے لئے قابل نہیں۔ عالمی برادری چاہیے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کانوٹس لے اور اسے ان مظالم سے روکاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں