وطن نیوز انٹر نیشنل

اپوزیشن ریاست کے دشمنوں کے ساتھ تعاون کررہی ہے: علی حیدر زیدی

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں جو بیانیہ اپوزیشن دے رہی ہے وہ پاکستان کی مدد نہیں بلکہ ریاست کے دشمنوں کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔

کراچی میں مقامی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ دشمنوں کی مدد کررہے ہیں اور اس بارے میں آپ کو بخوبی ادراک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو یہ ظاہر ہوا ہے کہ 22 ارب روپے کی فنڈنگ ہوئی، کچھ وقت یہ بھی سامنے آجائے گا کہ باقی جو بیٹھے ہیں انہیں کتنی فنڈنگ ملی ہے اور آپ ایکسپوز ہوجائیں گے۔

علی زیدی نے کہا کہ ہم آپ کو ایکسپوز کرتے رہیں گے اور اب ملک کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر بننے کے بعد اندازہ ہوا کہ ملک میں اتنی صلاحیت ہے اور ہم وسائل کا ٹھیک طرح سے استعمال کریں تو چند برس میں نمایاں ترقی مل سکتی ہے اور غربت ختم ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں ساحلی پٹی ہے وہ ترقی کر کے ترقی یافتہ ملک بن گئے لیکن ہمارے ملک میں وزیر آئے تو انہوں نے صرف اپنے مالی فوائد کو مد نظر رکھا۔

علی زیدی نے پورٹ ٹرسٹ کے حکام سے مخاطب ہو کرکہا کہ ٹگ بوٹ کی مد میں یومیہ 29 ہزار ڈالر کی ادائیگی کو ختم کرنے کے لیے 17 تاریخ کو ہونے والی بولی میں تاخیر مت کریں۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی میرین سروسز کمپنی قائم کرکے پہلی بار ڈریجنگ کا کام کرے گا۔

اس ضمن میں علی زیدی نے کہا کہ پاکستان میں ڈریجنگ میں کرپشن کر کے سینکڑوں لوگ بیرون ملک میں بیٹھے ہیں لیکن اب میرین سروسز کمپنی تمام مراحل ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈریجنگ کی مد میں اگر ماہرین کی ضرورت پڑی تو بیرون ملک سے افوادی قوت کو ملازمت پر رکھیں گے تاکہ وہ ہمارے لوگوں کی تربیت بھی کریں۔ اس ضمن میں ای سی سی اور کابینہ کے اجلاس میں منظور کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر بحری امور علی حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ان کی وزارت کو ممکنہ منازل کے لیے مسافر کشتیاں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں