وطن نیوز انٹر نیشنل

ای سی سی اجلاس،3500 پی آئی اے ملازمین کو رضاکارانہ ریٹائر کرنیکی منظوری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصای رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے ساڑھے تین ہزار ملازمین کو رضاکارانہ طور پر ریٹائر کرنے کے فیصلے کی اصولی منظوری دے دی۔ فیصلے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
تفصیل کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ساڑھے 3 ہزار ملازمین کے لیے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ سکیم کی اصولی منظوری دی گئی۔ اس سلسلے میں 12 ارب روپے سے زیادہ رقم مختص کی جائے گی۔
رضا کارانہ ریٹائرمنٹ سے پی آئی اے کو سالانہ 4 ارب روپے کی بچت ہوگی جبکہ فیصلے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ ای سی سی نے کامیاب جوان پروگرام کے لیے 5 کروڑ 30 لاکھ جبکہ وزارت داخلہ اور دفاع کے لیے بھی تکنیکی گرانٹس منظور کر لیں۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سمارٹ کارڈ کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ وزیر صنعت حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی دو ہفتوں میں اپنی سفارشات دے گی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بشر فیلڈ سے 10 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس کی فراہمی کی بھی منظوری دی جبکہ کینو اور آم کی برآمد بڑھانے کے لیے تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں