وطن نیوز انٹر نیشنل

اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ ختم ,انجام بھی مایوس نظرآرہا :بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا آغاز مایوس کن رہا اور انجام بھی انتہائی مایوس کن نظرآ رہاہے ۔ عوام میں پذیرائی نہ ملنے پر اپوزیشن کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چا ہئے ۔ اپوزیشن نے شروع دن سے منفی سیاست کر کے اپنی رہی سہی ساکھ ختم کر لی ۔ کر پٹ عناصر شفاف، دیانتدار اور ایماندار وزیراعظم عمران خان کے سامنے بے بسی کی تصویر بن چکے ہیں۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی ٰ نے کہا اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو داؤ پر لگا کر پاکستان سے دشمنی کی۔ آج خالی نعرے لگا نے والے اپوزیشن ٹولے نے ماضی میں ملکی خزانہ خالی کیا۔ قوم کا پیسہ لوٹنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ۔ با شعور عوام نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے ۔اپوزیشن جماعتوں کو موجودہ حالات میں منفی سیاست چھوڑ کر ملکی مفاد کو ترجیح دینی چا ہئے ۔ عوام کے مسترد شدہ عناصر ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں۔ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ یہ وقت منفی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے ، اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں صرف ذاتی مفادات اور لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ماضی کی حکومتوں کی خرابیوں کو درست کیا۔ آج ملک درست سمت کی جانب بڑھ رہاہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے ۔ یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے اقتدار میں رہ کر معیشت کو تباہ کیا۔ اپوزیشن جماعتیں پاکستان کی ترقی روکنے کے درپے ہیں۔ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز درپیش ہیں اور موجودہ نازک حالات میں افراتفری کی سیاست غیر دانشمندانہ اور ملکی مفادات کے منافی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان جرأت اور دانش سے عوام کی امنگوں کے مطابق ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں۔ لوٹ مار کا دور اب کبھی واپس نہیں آئے گا اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل پائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں