وطن نیوز انٹر نیشنل

سعودی عرب نے ولی عہد کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کی تردید کردی

مملکت سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پریس میں شایع ہونے والی ایسی اطلاعات میری نظر سے گزری ہیں جن میں امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے دورۂ سعودی عرب کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان کی اسرائیلی حکام سے ملاقات کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی سیکریٹری خارجہ کی ملاقات میں صرف سعودی اور امریکی حکام موجود تھے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم نیتن یاہو اپنی خفیہ ایجینسی موساد کے سربراہ کے ہمراہ اتوار کو سعودی عرب کے خفیہ دورے پر تبوک پہنچے جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی موجودگی میں ہوئی جو اس وقت خطے کے دورے پر ہیں۔

اس حوالے سے سامنے آنے والی اسرائیلی میڈیا رپورٹس کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے تردید کردی ہے تاہم اسرائیلی وزیر اعظم نے تاحال خفیہ ملاقات کی خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: اسرائیلی میڈیا کا وزیراعظم نیتن یاہو کی سعودی ولی عہد سے ملاقات کا دعویٰ

یاد رہے کہ خلیجی ممالک میں متحدہ عرب امارات، بحرین اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلق قائم کرنے کے معاہدوں پر دستخط کرچکے ہیں۔ ان معاہدوں میں امریکا نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان معاہدوں کے بعد دنیا کی نگاہیں سعودی عرب پر جمی ہیں۔

سعودی عرب نے تاحال اسرائیل کے ساتھ بحرین اور امارات کے معاہدوں پر واضح مؤقف اختیار نہیں کیا اور نہ ہی اسرائیل کے ساتھ اس طرز کے معاہدے کے حوالے سے کوئی واضح اشارہ دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں