وطن نیوز انٹر نیشنل

فائر بریگیڈ ملازمین کو تین ماہ کا رسک الاؤنس دینے کا اعلان

صوبائی وزیر بلدیات واطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فائر بریگیڈ کے ملازمین کو تین ماہ کا فائر رسک الاؤنس دینے کا اعلان کردیا ہے۔ وہ اتوار کی دوپہر ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی اور میٹروپولیٹن کمشنر سید صلاح الدین احمد کے ہمراہ مرکزی فائر اسٹیشن کا دورہ کررہے تھے ، اس موقع پر چیف فائر آفیسر مبین احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر بلدیات نے آگ بجھانے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا اور فائر مینوں سے ملاقات کی۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ محکمہ فائر بریگیڈ میں عملے کی بھی کمی ہے، بالخصوص ڈرائیورز کی جس کے لئے میں نے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی اس معاملے کو بھی حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن کمپنیوں نے اسنارکل اور فائر ٹینڈرز فراہم کئے ہیں ان سے ہی ان گاڑیوں کی مرمت بھی کرائی جائے کیونکہ وہ اس کام کو بہتر طریقے سے کر سکیں گی۔ صوبائی وزیر نے مزید ہدایت دی کہ کچھ ماہر لوگوں کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں جو فائر فائٹرز کو مزیدجدید تربیت دے سکیں، جن علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات زیادہ ہوتے ہیں وہاں کے فائر اسٹیشنوں میں بورنگ کرانے کے انتظامات کئے جائیں تاکہ پانی کی فراہمی بر وقت ہوسکے۔ صوبائی وزیرکو بتایا گیا کہ شہر میں اس وقت 25 فائر اسٹیشنز موجود ہیں جن میں سے 14 فعال ہیں جبکہ 5 اسنارکلز میں سے 2 درست حالت میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں