وطن نیوز انٹر نیشنل

کورونا وبا میں دینی مدارس بند نہیں کریں گے، وفاق المدارس کا اعلان

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وبا میں دینی مدارس بند نہیں کریں گے۔

مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے جامعہ زبیریہ پشاور کا دورہ کیا اور مدرسے کے طالب علموں سے ملاقات کی۔ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے اتحاد تنظیمات مدارس کے دیگر مرکزی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ زبیریہ پر حملہ تمام مدارس پر حملہ ہے اور یہ ایک ملی سانحہ ہے، وزیراعظم عمران خان کو خود یہاں آنا چاہیے تھا، حکومتی رویے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا 26 نومبرسے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ہم اسلام کے پہرے دار ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ مدارس کو مضبوط کرے، دینی مدارس کے کردار کو محفوظ رکھنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، اس سانحے کے پس پردہ کرداروں کو گرفتار کیا جائے، بیرونی سازش کہنے کا حکومتی بیان ناکافی ہے اور اقدامات کی ضرورت ہے۔

قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت مدارس بند نہیں ہونگے کیونکہ تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے میں وفاق المدارس سے مشاورت نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بارے میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نااہل ہے۔

واضح رہے کہ منگل 27اکتوبرکی صبح آٹھ بجے کے قریب جامعہ زبیریہ میں مولانا رحیم اللہ حقانی مشکوٰۃ شریف کا درس دے رہے تھے کہ اس دوران وہاں بم دھماکہ ہوگیا جس میں 9 طلبہ جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں