وطن نیوز انٹر نیشنل

چودھری برادران اور زرداری کا نوازشریف سے رابطہ،والدہ کےانتقال پر اظہارتعزیت

چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہیٰ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

چودھری برادران نے نواز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ نواز شریف نے چودھری شجاعت حسین کی صحت بارے دریافت کیا۔ ا موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ آپ کی والدہ سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی، وہ انتہائی ملنسار اور شفیق خاتون تھیں اور ہمیشہ بہت پیار سے پیش آتی تھیں۔

چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ آپ کی والدہ تمام خاندان کیلئے ایک شفیق سائبان تھیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ نے میاں نواز شریف کی صحت بارے بھی ان سے دریافت کیا جس پر نواز شریف نے بتایا کہ انہیں گردوں کا انفیکشن ہے۔

میاں نواز شریف نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ سمیت ان کے تمام اہلخانہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سالک حسین اور شافع حسین بھی موجود تھے۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی میاں نواز شریف کو ٹیلیفون کیا۔ آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ماں کا انتقال اولاد کیلئے بہت بڑا سانحہ ہوتا ہے، آپ کے اور آپ کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں