وطن نیوز انٹر نیشنل

فوج کا کوئی دباؤ ہے نہ مداخلت، فیصلے خود کرتا ہوں: وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے واضح بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے معاملات میں فوج کا کوئی دباؤ ہے اور نہ مداخلت، سب فیصلے وہ خود کرتے ہیں۔

ایک نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ نہیں، نوازشریف اور آصف زرداری سلیکٹڈ تھے۔ اپوزیشن پر تنقید کے نشتر چلاتےہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ مریم نواز سابق وزیراعظم کی بیٹی نہ ہوتی تو پارٹی پوزیشن کبھی نہ ملتی، بلاول بھی پرچی کے ذریعے آگے آئے، اپوزیشن کے خلاف تمام مقدمات ہمارے آنے سے پہلے بنے، لوٹی دولت واپس لانا مشن ہے۔

عہدیداروں کے مسلسل تبادلوں کے حوالے سےایک سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب کابینہ میں تبدیلی کامقصدمیچ جیتناہے، میچ جیتنےکیلئےتبدیلیاں کرتارہوں گا، پنجاب میں 30سال سےبیوروکریسی بیٹھی ہے، جس نےپرفارم نہیں کیااسےتبدیل کردیاجاتاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عثمان بزدارکولانےکامقصدپسماندہ علاقوں کی ترقی ہے، 5 سال مکمل ہونےپرعثمان بزدارنمبرون وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے، عوام نے5 سال بعدعثمان بزدارکی گورننس کافیصلہ کرناہے۔

وزیر اعظم نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ مخالفین صرف این آراو چاہتے ہیں، کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا وزرا پر کوئی بھی الزام لگے تو وہ آئی بی کے ذریعے تحقیقات کرواتے ہیں، فردوس عاشق اعوان پر بدعنوانی کا الزام نہیں تھا جبکہ جہانگیر ترین کے خلاف انویسٹی گیشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں