وطن نیوز انٹر نیشنل

گوجرانوالہ کے قریب فیلڈ مشقیں ، ائیر چیف بھی موجود ، مسلح افواج قوم کی مدد کیساتھ ہرطرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار، آرمی چیف

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج اپنی عظیم قوم کی مدد کیساتھ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز گوجرانوالہ کے قریب فیلڈ مشقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی تھے ۔ آرمی چیف اور ایئر چیف مارشل نے طویل فاصلہ تک مار کرنیوالے اسلحہ کی مشقیں دیکھیں۔ مشقیں فضائی دفاع کے مربوط اور جامع کثیر جہتی تصور کی عکاس تھیں جس میں ایئر ڈیفنس کے ہر قسم کے ہتھیاروں کو شامل کیا گیا ہے ۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد ایئر ڈیفنس کے مختلف عناصر، فورسز کی چالوں اور جنگی طیاروں ، ہیلی کاپٹروں، ڈرون طیاروں سمیت ہر قسم کے فضائی پلیٹ فارم کے مابین عملی تعاون کا حصول تھا، تاکہ دشمن کی کسی بھی اچانک مہم جوئی سے بھرپور طریقے سے نمٹا جا سکے ۔اس موقع پر آرمی چیف نے آرمی ایئر ڈیفنس کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور اس کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میدان جنگ میں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جدید مہارت اور تعاون ہونا ضروری ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں