وطن نیوز انٹر نیشنل

مونا لیزا کی شہرہ آفاق تصویر کے ساتھ تنہا وقت گزارنے کا معاوضہ 16 کروڑ روپے

پیرس: ایک نامعلوم شخص نے پیرس میں واقع مشہورلوورمیوزیم میں شہرہ آفاق اور پیش قیمت شاہکار’مونالیزا‘ کے ساتھ خاص اور تنہا وقت گزارنے کی آن لائن نیلامی میں 98,000 ڈالرادا کردیئے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ میوزیم کے خاص اور انتہائی قیمتی تحفوں کے حقدار بھی ہوں گے۔

مونا لیزا دنیا کی ایک شاہکار تصویر ہے جسے کئی سو برس قبل مشہور موجد، سائنسداں اور مصور لیونارڈو ڈاوِنسی نے تخلیق کیا تھا۔ اس موقع کو حاصل کرنے والا خوش نصیب کو پورے عجائب گھر کا ایک خاص، نجی (پرائیوٹ) دورہ کرایا جائے گا۔ اس سفر میں میوزیم کے سربراہ ڈاکٹر جین لیوک مارٹنیز بھی ساتھ ہوں گے۔ یہ دورہ رات کے وقت ہوگا جس میں ٹارچ کی روشنیاں استعمال کی جائیں گی۔ لیکن اس طرح کے دورے دیگر افراد کے لیے بھی نیلام کئے گئے ہیں جن میں مونالیزا کے ساتھ گزارے جانے والا تنہا وقت شامل نہیں ہوگا۔

مونا لیزا کی تصویر دیکھنے والے تنہا شخص کے لیے مشہورزیور اور گھڑی ساز کمپنی کارٹیئر نے اپنی بریسلیٹ بھی رکھی ہے جس کی قیمت 110,000 ڈالر ہے۔ اس کے علاوہ وہ کارٹیئر کے وہ کارخانے بھی دیکھ سکے گا جو اب تک خفیہ ہیں اور وہاں اعلیٰ معیار کی گھڑیاں اور زیورات ڈھالے جاتے ہیں۔
لوور میوزیم کے مطابق ہر سال ایک کروڑ سے زائد افراد یہاں آتے رہے ہیں اور دنیا کے پیش قیمت آرٹ اور فنون کے شاہکار دیکھتے رہے ہیں لیکن اب کووڈ وبا کے تناظر میں یہ عجائب گھر کئی ماہ سے بند ہے لیکن خاص اور نجی دورے سے حاصل ہونے والی رقم سے اس کے اخراجات پورے کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں