وطن نیوز انٹر نیشنل

کشمیریوں کو بغیر تاخیر کے حق خودارادیت دیا جائے، علی رضا سید

برسلز(پ۔ر) کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضا سید نے کہاہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بلاتاخیر حق خودارادیت دلوایا جائے جس کا ان سے سات دہائیاں قبل وعدہ کیا گیا تھا
انہوں نے پانچ جنوری یوم حق خودارادیت پر اپنے ایک بیان میں اس بات کا اعادہ کیاکہ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خودرادیت کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ پانچ جنوری ہرسال یوم حق خودرادیت کے عنوان سے منایاجاتا ہے۔ پانچ جنوری ۱۹۴۹ کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاک و ہند نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں جموں و کشمیر میں آزادانہ اور شفاف رائے شماری کروانے کے لیے کہاگیاتھا تاکہ کشمیری عوام اپنا حق خودرادیت استعمال کرکے اپنے سیاسی مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ آج اس قرارداد کے بہتر سال بعد ہم عالمی برادری کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وہ حق خودرادیت کے متعلق اپنی ذمہ داری پوری کرے اور کشمیریوں کو حق خودرادیت دلوایا جائے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش ظاہرکرتے ہوئے مزیدکہاکہ بھارتی کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں آج بھی لوگ ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، ہمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل کو اجاگرکرنا ہوگا۔
عالمی برادری مقبوضہ کشمیرکی گھمبیرصورتحال کا فوری نوٹس لے۔ وادی کی صورتحال روزبروزخراب ہوتی جارہی ہے اور قابض حکام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہورہے ہیں، خاص طور پر پانچ اگست ۲۰۱۹ سے اب تک جب سے بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اس خطے کو غیرقانونی طور پر بھارت میں شامل کردیا ہے، کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔
علی رضا سید نے کہاکہ بڑاافسوس ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑی شدت سے جاری ہیں لیکن بھارت کو کوئی روکنے والانہیں۔ مقبوضہ وادی میں قتل عام، جنسی تجاوز، جبری گم شدگی، تشدد، لوگوں پرفورسزکی فائرنگ، اظہاررائے پر قدغن اور پرامن احتجاج پر پابندی روزانہ کا معمول بن چکاہے اور اب تو پچھلے ڈیڑھ سال سے بھارتی حکام ملٹری لاک ڈاؤن اور پچھلے سال سے کرونا وائرس کے بہانے لوگوں پر ظلم و ستم کررہے ہیں۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم عالمی برادری خصوصاً یورپین کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے۔ ہمارا فرض ہے کہ دنیاکے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں ۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و ستم بند کروائے اور بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ کشمیری حق خودرادیت استعمال کرکے اپنے مستقبل کا آزاد ماحول میں فیصلہ کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں