وطن نیوز انٹر نیشنل

سٹاک مارکیٹ: ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی، اربوں کا فائدہ، 45600 کی حد بحال

ملکی معیشت سے متعلق مثبت خبروں نے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے وارے نیارے کر دیئے، رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر 309.80پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، تیزی کے باعث 100 انڈیکس مسلسل بڑھتا جا رہا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت سے متعلق مثبت خبریں ٹریڈنگ پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔

رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا۔ صبح دس بجے تک انڈیکس میں 423 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، اس تیزی کا تسلسل دوپہر بارہ بجے تک دیکھنے کو ملا اور انڈیکس 479.36 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تھا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 580 پوائنٹس سے زیادہ ہو گیا تھا، اور حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 45916.33 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔ تاہم کاروبار کے اختتامی لمحات میں یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 309.80 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس کی 45600 کی حد بحال ہو گئی اور انڈیکس 45654.34 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.68 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 45 کروڑ 65 لاکھ 84 ہزار 984 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 90 ارب روپے کے قریب فائدہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں