وطن نیوز انٹر نیشنل

سمگل شدہ پیٹرول و ڈیزل فروخت کرنیوالے 450 پمپوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

گوجرانوالہ ڈویژن میں بغیر منظوری اور سمگل شدہ پٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے والے 450 پٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیاگیاہے اور انتظامیہ نے غیر قانونی اور غیر منظور شدہ پٹرول پمپس کی فہرستیں تیار کرلی ہیں ، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ اور آر پی او ریاض نذیر گاڑا کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژن بھر میں سمگل شدہ پٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کافیصلہ کیاگیا، ویڈیو لنک اجلاس میں کلکٹر کسٹمر فیض احمد ، سی پی او سرفراز فلکی ، ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی ۔ کمشنر نے کہا کہ سمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے ملکی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچانے کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اس مافیا کیخلاف تمام متعلقہ ادارے مشترکہ آپریشن شروع کررہے ہیں جس کے دوران پہلے مرحلہ میں سمگل شدہ پٹرول فروخت کرنیوالے بڑے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،ڈویژن بھر میں غیر قانونی / غیر منظور شدہ پٹرول پمپس کی جامع فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے اور بغیر این او سی چلنے والے ان پٹرول پمپس کو آخری موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر این او سی اور دیگر قانونی منظور یاں حاصل کر لیں بصورت دیگر ایسے تمام پٹرول پمپس کو بھی سیل کر دیا جائے گا۔ آر پی او ریاض نذیر گاڑا نے کہاکہ ایس او پیز کے تحت پولیس کریک ڈاؤن کے دوران بھرپور سپورٹ فراہم کریگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں