وطن نیوز انٹر نیشنل

ویران جزیرے پر صرف ایک شخص کے لیے سات روزہ فلم فیسٹیول کا انعقاد

پوری دنیا میں عوامی فاصلے پر عمل کیا جارہا ہے اور اب اس کیفیت کو ایک فلم فیسٹیول کی صورت میں ایک نیا درجہ دیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں سویڈن کے جزیرے پر ایک فلم بین مداح کو یہ موقع ملے گا کہ وہ پورے جزیرے پر تنہا رہے اور وہاں سات روز قیام کے دوران 60 مشہور فلموں کا پریمیئر دیکھ سکے گا۔

سویڈن کے مشہور’ یتے بوری‘ فلم فیسٹیول کو اس سال مختلف انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے پوری دنیا سے ایک خوش نصیب کو سویڈن مدعو کیا جائے گا جہاں وہ ایک جزیرے پر تنہا ایک ہفتہ گزارے گا۔ اس دوران کوئی کتاب، لیپ ٹاپ، فون اور دیگر آلات لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ سات روز میں اسے 60 مشہور فلمیں دکھائی جائیں گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے لیے لائٹ ہاؤس والے ایک چھوٹے سے جزیرے پائر نوسیئر کا انتخاب کیا گیا ہے جسے ایک خوبصورت اور ڈرامائی جگہ بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ منتخب ہونے والے خوش نصیب کو ایک کشتی کے ذریعے جزیرے تک لے جایا جائے گا۔ اس پورے منصوبے کو ’ دی آئسولیٹڈ سینما‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اگر آپ اس جزیرے پر صرف ایک شخص کے لیے منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول میں جانا چاہتے ہیں تو :

The Isolated Cinema

درج بالا لنک پر کلک کرکے ای میل کریں اور اس عجیب و غریب تجربے میں اپنی دلچسپی کی وجہ بیان کریں۔ فیسٹیول میں شامل ہونے کی آخری تاریخ 17 جنوری ہے۔

لیکن یاد رہے کہ وہاں کوئی دوست اور اہلِ خانہ نہیں ہوگا اور نہ ہی آپ فون یا کمپیوٹر استعمال کرسکیں گے۔ رات کے وقت صرف ویران جزیرہ ہوگا اور آپ لہروں کے شور کے علاوہ کچھ اور نہیں سن سکیں گے۔ یہاں کی مشہور نشانی ایک لائٹ ہاؤس ہے جو 1960ء میں خودکار بنادیا گیا اور اب یہاں کسی آدمی کی ضرورت نہیں۔

فلمی میلے کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ ایک پرلطف تجربہ ہے کوئی کٹھن حالات کا مقابلہ نہیں۔ یہاں رہنے کو ایک پرسکون گھر، سات دن کا کھانا، نرم بستر اور دیگر سہولیات پہلے سے ہی موجود ہوں گی، جزیرہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور کسی جانور کے حملے کا بھی کوئی خدشہ موجود نہیں۔

اس اعلان کے بعد پوری دنیا سے لوگوں نے فلمی میلے میں شرکت میں دلچسپی ظاہر کی ہے لیکن انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ کسی ایسے شخص کو منتخب کرے گی جسے واقعی فلم دیکھنے کا شوق ہو اور وہ اس سے واقف بھی ہو۔ خوش نصیب شخص اس جزیرے پر 30 جنوری سے 6 فروری تک رہ سکے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں