وطن نیوز انٹر نیشنل

کراچی؛ کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا بابر کانٹا کے قریب کیمیکل کی فیکٹری میں آگ لگ گئی، آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، تاہم آگ اس قدر شدید تھی کہ شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرنا پڑے، اور شدت کو دیکھتے ہوئے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ فیکٹری میں بھاری مقدار میں لیوبریکینٹ اسپرے موجود تھا، آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو اور پولیس قریب نہیں جا سکتے تھے، تاہم متاثرہ فیکٹری سے متصل فیکٹریوں اور گوداموں کو خالی کروادیا گیا، جب کہ فیکٹری سے 8 افراد کو ریسکیو کرکے اسپتال منتقل کردیا گیا جو معمولی نوعیت کے زخمی ہیں۔
چیف فائر آفیسر مبین احمد نے بتایا کہ متاثرہ فیکٹری کیمیکل کی ہے اور اس میں بڑی مقدار میں پیٹرول اور تھنر موجود تھا، جب کہ آگ کے بعد فیکٹری سے دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی تھیں، 12 فائر ٹینڈرز موقع پر مصروف عمل تھے، 6 فائر ٹینڈر کے ایم سی جب کہ 6 دیگر محکموں کے ہیں، پاک بحریہ اور کے پی ٹی کے فائر ٹینڈرز اور عملے نے بھی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، جب کہ ایک اسنارکل اور ایک ریسکیو یونٹ بھی موقع پر موجود رہا، آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سول انتظامیہ کی درخواست پر پاک بحریہ کی ٹیم اور فائر ٹینڈرز نے بھی آگ بجھانے میں حصہ لیا۔

آگ کی شدت کی اطلاع ملنے کے بعد ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے نیپا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ہنگامی حالت نافذ کردی، اور بتایا کہ ہائیڈرنٹس کو دیگر ٹینکرز سے خالی کرالیا گیا، پانی سے بھرے متعدد ٹینکرز آتشزدگی کے مقام کی جانب روانہ کئے گئے، جب کہ ہائیڈرنٹس سیل کے افسران کو بھی آتشزدگی کے مقام پر روانہ کردیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کو فون کیا اور آگ پر فوری طور پر قابو پانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کی جائے کہ کم سے کم نقصان ہو، اور مجھے آگ پر قابو پانے کے حوالے سے اپ ڈیٹ بھیجتے رہیں۔

صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے ایم ڈی سائٹ کو فیکٹری حادثے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیکٹری مالکان اپنے ورکرز کی جانوں کی حفاظت کے لئے موثر اقدامات کریں، غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں