وطن نیوز انٹر نیشنل

شہر کے 21 سہولت بازار آج سے بند

پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں سہولت بازاروں کو مرحلہ وار بند کرنے کافیصلہ کرلیا، لاہور کے 21 سہولت بازار آج سے بند ہو جائینگے ،اقدام سے متوسط طبقہ ریلیف سے محروم ہو جائے گا۔تفصیل کے مطابق چیف سیکرٹری کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کی رائے اور سروے کی تکمیل کے بعد سہولت بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاجس کے مطابق صوبہ بھر کے سہولت بازار آج 11 جنوری سے 8 فروری تک بند کر دئیے جائیں گے ۔لاہور کے 31 سہولت بازاروں میں سے 21 آج بند کر دئیے جائینگے ۔حکومتی پلان کے مطابق 11 جنوری سے 24 جنوری تک ہر ضلع میں پانچ بازاروں کوفعال رکھا جائے گا،پہلے مرحلے میں لاہور کے صرف 10 بازار آپریشنل رہیں گے ۔25 سے 7 فروری تک دو بازار ہر ضلع میں آپریشنل ہوں گے ، 25سے 7فروری تک لاہور میں 4 سہولت بازارفعال رکھے جائیں گے ، 8 فروری کو صوبے کے تمام سہولت بازاروں کو بند کر دیا جائے گا ۔محکمہ کامرس اینڈ انڈسٹریز نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔شہریوں کاکہناہے کہ سہولت بازاروں کو بند کرنے سے مہنگائی کا نیاطوفان جنم لے گاجو مشکلات میں مزید اضافہ کریگا۔سہولت بازاروں کی بندش سے شہری نہ صرف سستی اور سرکاری نرخنامے کے عین مطابق اشیائے خورونوش سے محروم ہونگے بلکہ حکومت کا یہ فیصلہ گراں فروشی کو فروغ دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں