وطن نیوز انٹر نیشنل

محمود آباد آپریشن، متاثرین کو 2 سال کا کرایہ دینے کا اعلان

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ محمود آباد نالے کے بعد دیگر نالوں سے تجاوزات ہٹائی جائیں گی، جن گھروں کو توڑا جائے گا ان کے مالکان کو دو سال کا کرایہ دیا جائے گا، سندھ حکومت اپنی اسکیم شروع کر رہی ہے جس میں زمین سندھ حکومت دے گی جو متاثرین وہاں رہائش اختیار کرنا چاہیں ان کو اس اسکیم میں ترجیح دی جائے گی، نالوں سے تجاوزات ہٹانے کے سلسلے میں ہم سب ایک پیج پر ہیں، محمود آباد نالے سے بڑی تجاوزات جن میں گھر بھی شامل ہیں انہیں آج سے ہٹایا جائے گا، جو بلدیاتی مدت ابھی ختم ہوئی ہے اس کے آخر میں خوامخواہ کی اسکیمیں پاس کردی گئی ہیں جبکہ بلدیاتی ادارے پہلے ہی سے اربوں روپے کے مقروض تھے، اس لئے ان اسکیموں کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور جو ترقیاتی اسکیمیں شہر کے لئے بہتر ہوں گی انہی پر کام کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے محمود آباد اور منظورکالونی نالے کے دورے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد، سابق یوسی چیئرمین فرحان غنی، کرم اللہ وقاصی، سردار نزاکت علی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ آج سے محمود آباد نالے سے بڑی تجاوزات جن میں گھر بھی شامل ہیں کو ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کے بعد دونوں اطراف سڑکیں بنائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کے دوران بہت سارے مسائل سامنے آئے ہیں ، نالوں پر موجود مکانوں اور دکانوں کو ارزاں قیمتوں پر لیز دی گئی ہے، لیز کے معاملات شفاف نہیں تھے جس کو بہتر بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد اور ڈی ایم سیز کے ایڈمنسٹریٹرز کو یہ ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ کراچی کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بہت بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوشی سے گھر نہیں گرا رہے، جن لوگوں کے گھر ہٹائے جا رہے ہیں وہ بینکوں میں اپنے اکاؤنٹس کھلوالیں، ہم دو سال کے کرایہ کی رقم ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کردیں گے ۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کراچی کے لئے فائر ٹینڈرز کی آمد پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ موجودہ اور سابقہ دونوں وزرائے اعظم کا اخلاقی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں