وطن نیوز انٹر نیشنل

تجاوزات ختم ہوئیں نہ داخلی راستے صاف:سوہنا لاہورمہم دم توڑنے لگی

دوماہ گزر گئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش ہو سکی اور نہ ہی شہر کی اہم ماڈل شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کیا جا سکا ،سٹریٹ لائٹس ،پیچ ورک ،لائن مارکنگ اور کرب سٹونز پر رنگ و روغن کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گیا جس کی وجہ سے سوہنا لاہور مہم دم توڑنے لگی۔ لبرٹی گول چکر کے علاوہ شہر کی 7 ماڈل شاہراہوں کی کوئی خاص پاکٹس کو دلکش رنگوں میں ڈھالا گیا اور نہ ہی تجاوزات کا خاتمہ ہو سکا ۔استنبول چوک کے اطراف میں لائن مارکنگ اور فٹ پاتھ رنگ و روغن سے محروم دکھائی دیتے ہیں ۔مال روڈ ،جیل روڈ ،سرکلر روڈ ،علامہ اقبال روڈ ،مین کینال اور فیروز پور روڈ کے چوراہوں پر کام تعطل کا شکار ہے ۔ شہر کے بڑے 2 داخلی و خارجی راستے راوی اور سگیاں بھی بے بسی کی تصویر بن چکے ہیں ،شہر میں داخل ہونیوالے شہری دلفریب رنگوں سے محظوظ ہونے کے بجائے ٹریفک جام اور تجاوزات سے مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔ چیف کارپوریشن آفیسر حافظ شوکت علی کا کہنا ہے شہر کی مین شاہراہوں پر فیصد90 لائٹس بحال ہیں،لبرٹی چوک سمیت دیگر شاہراہوں پر فٹ پاتھ بحال اور لائن مارکنگ کرائی گئی،تجاوزات کے خلاف روزانہ آپریشن کرایا جا رہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں