وطن نیوز انٹر نیشنل

لاہور چڑیا گھر کے ملازمین بھی کورونا کی لپیٹ میں آگئے

چڑیا گھر کے ملازمین بھی کورونا کا شکار ہونا شروع ہوگئے ہیں.

لاہورچڑیا گھر انتظامیہ نے ملازمین کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی تحقیق کی جائے گی کہ ملازمین اپنے گھروں میں یا چڑیا گھر میں ڈیوٹی کے دوران کورونا کا شکار ہوئے ہیں، چڑیا گھر کے جن ملازمین کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے ان میں ایک ہرنوں کے احاطے جبکہ دوسرا زرافہ کی دیکھ بھال کرتا ہے ،دیگرملازمین کی خصوصی ڈیوٹی لگائی جاتی ہے۔ انتظامیہ نے ملازمین کے نام ظاہر نہیں کئے ہیں۔

لاہور چڑیا گھر کی ڈپٹی ڈائریکٹر کرن سلیم نے بتایا کہ چڑیا گھر میں ہر 2 ماہ کے بعد ملازمین کے میڈیکل ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ شیڈول کے مطابق 17 ملازمین کے ٹیسٹ کئے گئے تھے جن میں سے 5 کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔ ان ملازمین میں کورونا کی علامات سامنے نہیں آئی تھیں تاہم اس کے باوجود ان پانچوں ملازمین کو قرنطینہ اختیار کرنے کے لئے رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔
کورونا کی وجہ سے لاہور چڑیا گھر کو کئی ماہ تک بند رکھا گیا تھا۔ اب بھی یہاں آنے والے سیاحوں کا دونوں داخلی راستوں پر ٹمپریچرچیک کیا جاتا ہے، بغیرماسک چڑیا گھر میں داخلے پر پابندی ہے جبکہ یہاں ہینڈ سینی ٹائزر بھی رکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں