وطن نیوز انٹر نیشنل

پھول کی اس تصویر کو ایک دن میں 9 کروڑ مرتبہ دیکھا گیا ہے!

انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک انوکھا واقعہ ہوا ہے کیونکہ ایک عام سے پھول کی تصویر ایک دن میں 9 کروڑ مرتبہ دیکھی گئی ہے جی ہاں! 9 کروڑ مرتبہ اور یہ تمام ہٹس بھارت سے آئے ہیں جبکہ یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔

یہ تصویر وکی پیڈیا کے تحت وکی میڈیا کامنز کی ہے جس میں بنفشی رگن کا نیویارک ایسٹر پھول نمایاں ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت میں ٹک ٹاک پر پابندی کے بعد اس پھول کو کروڑوں افراد نے دیکھا ہے۔ واضح رہے کہ وکی میڈیا کامنز پر رکھی تصاویر اور آوازوں کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔

وکی میڈیا کے تمام اراکین کا ایک آن لائن پلیٹ فارم ’فیبریکیٹر‘ ہے۔ فیبریکیٹر کے ذمے داران نے بتایا ہے کہ انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کئی بھارتی آئی ایس پیز کی جانب سے نو کروڑ مرتبہ اس پھول کی تصویر تک رسائی حاصل کی گئی ہے۔
وکی میڈیا میں مشین لرننگ کے سربراہ کرس ایلبون کہتے ہیں کہ منگل کو ہمارے چار ڈیٹا سینٹروں میں سے ایک پر جو درخواستیں موصول ہوئیں ان میں سے 20 فیصد اسی تصویر کے متعلق تھیں۔ کِرس نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس کی وجہ نہیں جانتے۔

وکی میڈیا انتظامیہ نے مزید کہا ہےکہ یہ بہت عجیب معاملہ ہے۔ کِرس ایلبون کے مطابق ہمارا خیال ہے کہ شاید یہ ویڈیو کسی موبائل ویڈیو ایپ کے اسپلیش اسکرین یا ہاٹ لنکس کے ذریعے تیزی سے دیکھی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ برس 8 جون تک صرف چند سو مرتبہ ہی اس پھول کی تصویر دیکھی جاتی تھی۔ 30 جون تک ڈیڑھ کروڑ لوگ اس تصویر کو دیکھ چکے تھے۔ پھر 29 جون 2020 کو بھارت میں ٹِک ٹاک سمیت کئی ایپ بند کردی گئیں تو اس کے بعد تصویر پر ہٹس پر غیرمعمولی اضافہ ہواہے۔

لیکن بہت کوشش کے باوجود اس ایپ کا سراغ نہیں لگایا جاسکا جہاں سے تصویر کی درخواستیں موصول ہورہی تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تصویر اب بھی روزانہ کروڑوں ہٹس لے رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں