وطن نیوز انٹر نیشنل

مری اور نتھیا گلی میں 21 فروری سے برف باری کا امکان

پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں کمی کے باوجود دھند کا راج برقرارہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق دھند کا دورانیہ بڑھنے کی وجہ فضائی آلودگی میں اضافہ، بڑے پیمانے پر جنگلات کا کٹاو، آبادی میں اضافہ اور دھواں ہے۔

پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے جہاں موسموں کا پیٹرن تبدیل ہوا ہے وہیں سردی کی شدت میں کمی کے باوجود میدانی علاقوں میں صبح و رات کے اوقات میں پڑنے والی دھند کا دورانیہ بھی بڑھنے لگا ہے،پہلی مرتبہ اس بار فروری میں بھی پنجاب و اکثر میدانی علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات ڈاکٹر خالد ملک کے مطابق مری اور نتھیا گلی میں 21فروری سے برف باری متوقع ہے جو 28فروری تک جاری رہ سکتی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

گذشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردومیں منفی5ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 4افراد جاںبحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق نیو بس ٹرمینل قصور کے قریب موٹرسائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس سے لوہاری گیٹ لاھور کا24سالہ علی جاں بحق جبکہ اسکا ساتھی اشرف زخمی ہو گیا۔

قصورمیں کیلوں کے قریب ٹریکٹر ٹرالہ الٹنے سے منچن آباد کا رہائشی ٹریکٹر ڈرائیورامیر دم توڑ گیا اور نلکا سٹاپ کے قریب ٹرک کی زد میں آکر سڑک کراس کرتے ہوئے رسول نگرقصور کارہائشی جاویدجاں بحق ہو گیا، رائیونڈ روڈ پکی حویلی کے قریب موٹرسائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا نے سے موٹرسائیکل سوار خالد موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اسکا ساتھی زرغام زخمی ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں