وطن نیوز انٹر نیشنل

افغانستان میں دو مختلف واقعات میں 5 پولیس اہلکار ہلاک، 3 زخمی

افغانستان کے صوبہ زابل اور اروزگان میں دو مختلف واقعات میں 5 پولیس اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبہ زابل میں طالبان کی جانب سے پولیس چوکی پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور 2 اہلکار حملے میں زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

زابل پولیس چیف نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کی جانب سے ہائی وے پر قائم پولیس چوکی پر رات گئے حملہ کیا گیا اور پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی بھی کی گئی۔ پولیس چیف نے دعویٰ کیا ہے جوابی کارروائی میں 2 طالبان ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔ طالبان کی جانب سے اب تک حملے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب صوبہ اروزگان میں ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے پیٹرولنگ پر مامور پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں