وطن نیوز انٹر نیشنل

سینیٹ انتخابات؛ وزیراعظم بیلٹ پیپر ضائع ہونے پر شہریار آفریدی پر برہم

شہریار آفریدی نے سینیٹ انتخاب کے بیلٹ پیپر پر دستخط کرکے اپنا ووٹ ضائع کردیا، جس پر وزیراعظم عمران خان نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔

سینیٹ انتخابات میں ووٹنگ کا عمل صبح 9 بجے سے جاری ہے جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین اپنا اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، تاہم تحریک انصاف کے رکن اور وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے پہلے اپنے ووٹ پر دستخط کئے اور پھر ووٹ کاسٹ کیا، جس کے بعد ان کا ووٹ ضائع ہونے پر قوی امکان ہے۔

بیلٹ پیپر پر دستخط کرنے کی پاداش میں وزیراعظم عمران خان وفاقی وزیر شہریار آفریدی پر برس پڑے اور کہا کہ آپ ایم این اے ہیں اس طرح کی غلطی کیسے کردی، سب کو طریقہ کار بتایا گیا تھا کہ ووٹ کیسے کاسٹ ہوتا ہے، آپ کو نہیں پتا کس طرح ووٹ کاسٹ کرتے ہیں؟، آپ کو ایسی غلطی نہیں کرنا چاہیے تھی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی وزیراعظم کو تسلی بخش جواب نہیں دے سکے، اور ان کا کہنا تھا کہ کچھ دن سے میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی، ووٹ ڈالنے پہنچا تو پہلے پولنگ عملے سے بات کی، لیکن پولنگ عملے نے صحیح طرح رہنمائی نہیں کی، اور بیلٹ پیپر پر امیدوار کی گنتی کے نمبرز پر انتخاب کی بجائے دستخط کردیئے۔ شہریارآفریدی کی الیکشن کمیشن کودوبارہ ووٹ کاسٹ کرنےکی درخواست بھی کی ہے۔

ایوان کے باہر میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اظہار برہمی سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، بیلٹ پیپر کا بتایا تو وزیراعظم نے آر او کو درخواست دینے کی ہدایت کی، آر او کو دوبارہ بیلٹ پیپر کے لیے درخواست دے دی ہے، میری درخواست پر آر او کو فیصلہ کرنا ہے جس کا انتظار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شہریار آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ تم میرے سب سے با اعتماد اور وفادار ساتھی ہو، اور تم پر رتی برابر بھی شک نہیں ہے، غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں