وطن نیوز انٹر نیشنل

حکومت نے جہانگیر ترین سے رابطہ کرنے والے ارکان اسمبلی کی فہرست تیار کرلی

تحریک انصاف کے رہنما اور چینی اسکینڈل میں مبینہ ملوث جہانگیر ترین سے رابطہ کرنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرست حکومت پنجاب نے تیار کرلی۔

چینی اسکینڈل میں نامزد ملزم اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین نے مسلسل رابطے شروع کردیئے ہیں، جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کیس کے حوالے سے بنکنگ کورٹ پہنچے تو ان کے ہمراہ وکلا سمیت صوبائی وزراء بھی پیش ہوئے۔

جہانگیر ترین کے ساتھ صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، نذیر بلوچ، راجا ریاض، سلیمان نعیم، غلام بی بی بھروانہ، خرم لغاری، چوہدری افتخارگوندل، اسلم بھروانہ، طاہر رندھاوا اور امیر محمد خان شامل تھے۔ اس موقع پر صحافی نے جہانگیر ترین سے سوال کیا کہ آپ کے ساتھ وزرا اور ایم پی اے بھی آئے ہیں۔ جس پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ان دوستوں نے مجھے فون کر کے کہا کہ آپ اکیلے کیوں جائیں گے ہم نے آپ کے ساتھ جانا ہے۔
دوسری جانب ذرائع وزیراعلیٰ ہاؤس نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے جہانگیر ترین کی حمایت اور رابطے کرنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرست تیار کرلی ہے، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار آج اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، اور یہ فہرست وزیراعظم کو دی جائے گی، جب کہ وزیراعظم عمران خان جہانگیر ترین سے رابطے میں رہنے والے اراکین کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں