وطن نیوز انٹر نیشنل

سیاسی اثرورسوخ استعمال کرکے ویکسین لگانے پرتنقید کے بعد عفت عمرکوشرمندگی

اداکارہ و سابق ماڈل اور میزبان عفت عمر نے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرکے کورونا ویکسین لگانے پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد معافی مانگ لی۔

چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں عفت عمر کو پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سیکریٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کی رہائشگاہ پر کورونا ویکسین لگواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ عفت عمر کے علاوہ طارق بشیر چیمہ کے اہلخانہ نے بھی ویکسین لگوائی تھی۔

یہ ویڈیو کچھ ہی دیر میں پورے سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی تھی اور لوگوں نے ویڈیو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا کیونکہ جس وقت عفت عمر اور طارق بشیر چیمہ کے اہلخانہ نے کورونا ویکسین لگوائی تھی اس وقت صرف 60 سال سے زائد کے عمر کے لوگوں کو اور صحت کے کارکنوں کو ہی ویکسین لگوانے کی اجازت تھی۔ اس کے علاوہ طارق بشیر چیمہ پر کورونا ویکسین لگوانے کے لیے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرنے کا بھی الزام لگایا گیا جس کی وجہ سے انہیں بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

لوگوں کا کہنا تھا عفت عمر ہمیشہ قانون کی حکمرانی اور دیانتداری کی بات کرتی ہیں اور اب وہی سب سے پہلے ویکسین لگوارہی ہیں۔ عوام کی شدید تنقید پر طارق بشیر چیمہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ویکسینیشن کے لیے سیاسی اثرو رسوخ استعمال کرنے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس کی ٹیم ان کے گھر پر ٹرائل ویکسین کا بوسٹر لگانے آئی تھی۔ اور یہی ٹیم اس سے پہلے بھی ٹرائل ویکسین کا پہلا بوسٹر لگانے آئی تھی۔

عفت عمر نے طارق بشیر چیمہ کی اس پریس کانفرنس کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کراتے ہوئے خود کا دفاع کرنے کی کوشش کی تھی۔لیکن ان پر ہونے والی تنقید ختم نہیں ہوئی۔

بعدازاں گزشتہ روز عفت عمر نے اپنی غلطی مانتے ہوئے کورونا ویکسین لگوانے پر معافی مانگی ہے۔ انہوں نے لکھا مجھے معاف کردیں۔ میں بہت شرمندہ ہوں۔ میں دل کی گہرائیوں سے معافی مانگتی ہوں اور میں توبہ کروں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں