وطن نیوز انٹر نیشنل

خیبرپختونخوا حکومت کی کپورحویلی اوردلیپ کمار کا گھر خریدنے کیلئے قانونی کارروائی

خیبرپختونخوا حکومت نے بھارتی لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو خریدنے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے بھارتی اداکاروں کے گھروں کو خریدنے کے لیے ریاست کے اراضی حصول ایکٹ 1894 کا ایک ضروری سیکشن نافذ کیا ہے جس کے تحت اب صوبائی حکومت دونوں گھروں کو ہنگامی بنیادوں پر اپنے قبضہ میں لے سکتی ہے۔

پاکستان کے محکمہ آثار قدیمہ نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں موجود بھارت کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے 4 یونٹ (101 اسکوائر میٹر) آبائی گھر کی قیمت 50 ہزار 517 ڈالرز اور راج کپور کی 6 یونٹ (151.75 اسکوائر میٹر) حویلی کی قیمت 94 ہزار 061 ڈالر مقرر کی ہے۔ یہ رقم بہت جلد مالک مکانوں کو ادائیگی کے لیے پشاور کے ڈپٹی کمشنر کو جاری کردی جائے گی۔
پاکستان کے ایک مقامی اخبار کے مطابق ایک طویل عرصے سے دونوں گھروں کے مالک مکان حکومت کو یہ گھر فروخت کرنے کے لیے راضی نہیں تھے کیونکہ حکومت ان گھروں کی مارکیٹ کے مطابق قیمت ادا کرنے پر راضی نہیں تھی۔ مالک مکانوں کا اعتراض یہ تھا کہ ان کے گھروں کی قیمتیں کم مقرر کی گئی ہیں۔

دلیپ کمار کے آبائی گھر کے مالک مکان نے اس جائیداد کے لیے 250 ملین کا مطالبہ جب کہ کپور حویلی کے مالک مکان نے 2 بلین (2 ارب روپے) مانگے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں گھروں کے مالک مکان پراپرٹی کی اہمیت کی وجہ سے غیر معمولی قیمتوں کا مطالبہ کررہے ہیں اور حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں موجود بھارتی اداکاروں کے مکانات میوزیم میں بدلنے کا فیصلہ کیاتھا۔محکمہ آرکیالوجی کی جانب سے صوبائی حکومت کو سفارش کی گئی تھی کہ بھارتی اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھر خستہ حالت اختیار کرچکے ہیں اور لیجنڈری اداکاروں کے یہ گھر قومی ورثہ ہیں اس لیے ان گھروں کو خرید کر اس کی تزئین و آرائش کرکے محفوظ کیا جائے۔

دلیپ کمار کے گھر کے موجودہ مالکان اورحکومت میں تنازع کیا ہے؟

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے گزشتہ سال دلیپ کمار اور کپور فیملی کے آبائی گھروں کو محفوظ اثاثہ قرار دے کر ان کو حاصل کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا تھا۔ دلیپ کمار کا مکان پشاور کے قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع ہے اور اس کا کل رقبہ چار مرلے بتایا گیا ہے۔

اس کا تعمیرات والا حصہ 1077 مربع فٹ سے کچھ زیادہ ہے۔ اس زمین کی قیمت 72 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ مقرر کی گئی ہے جبکہ اس مکان کے ملبے کی قیمت کا تخمینہ 7 لاکھ 76 ہزار سے زیادہ لگایا گیا ہے۔ اس حساب سے دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار سے زیادہ مقرر کی گئی ہے۔

تاہم اس قیمت پر گھر کے موجودہ مالک کو اعتراض ہے اور وہ 80 لاکھ روپے میں یہ گھر فروخت کرنا نہیں چاہتے۔ پشاور کے مقامی میڈیا کے مطابق حاجی لال محمد کا کہنا ہے کہ گھر کی موجودہ قیمت کم از کم 25 کروڑ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں