وطن نیوز انٹر نیشنل

’’پستہ قد اونٹ‘‘ کی اون سے بنی جیکٹ کی قیمت 29لاکھ پاکستانی روپے (vl 11)

اس روئے زمین پر پودے سے لے کے درخت ، ذرہ سے لیکر پہاڑ اور چیونٹی سے لیکر ہاتھی تک رب کائنات کی ہر شے اپنے اندر لا تعداد خوبیاں سموئے ہوئے ہے ۔ کس قدر حکمت کی بات ہے کہ جنگلوں بیابانوں میں ہمیں لاتعداد ایسی جڑی بوٹیاں جا بجا نظر آتی ہیں جنہیں ہم خاطر میں نہ لاتے ہوئے نظر انداز کرتے چلے جاتے ہیں
جبکہ ان میں اکثر ایسی نایاب ہوتی ہیں کہ مہلک سے مہلک امراض کا علاج ان کے اندر پوشیدہ ہوتا ہے ۔ دنیا کے ایک خطے میں ایک ایسا جانور بھی پایا جاتا ہے جس کی اون نفاست ، خوبصورتی اور معیار میں دنیا کی صف اول کی اون مانی جاتی ہے ۔
اس سے بنے پیراہن اور مصنوعات عام آدمی کی خرید تو دور کی بات ہے اس کے تصور سے بھی باہر ہوتے ہیں ۔ اگر میں اس اون سے بنی چند مصنوعات کی قیمتیں آپ کو بتاؤں تو شاید فوری طور پر آپ کو اس کا یقین نہ آئے ۔
لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ یورپ لیکن خصوصاًامریکہ میں اس اون سے بنی ایک جیکٹ کی قیمت 18595امریکی ڈالر ( 29لاکھ پاکستانی روپے )، ایک کمبل کی قیمت 12ہزار امریکی ڈالر (تقریباََ 19 لاکھ روپے )ہے
اور ایک سکارف کی قیمت 3195امریکی ڈالر (تقریباََ5لاکھ روپے )بنتی ہے ۔
آئیے! آپ کو بتاتے ہیں کہ اس نایاب اون کے خالق جانور کا تعلق وکیونا Vicuna نسل کے جانوروں لاما ، الپاکا گواناکو اور ویکگنا سے ہے ۔ یہ پستہ قد جانور اونٹ سے بہت مشابہت رکھتے ہیں اسی لئے انہیں ’’پستہ قد اونٹ‘‘بھی کہتے ہیں ۔اور کیوں نہ کہا جائے بنیادی طور پر یہ اونٹ ہی کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ۔کافی عرصہ پہلے تک یہ فرض کر لیا گیا تھا کہ الپاکا لاما ہی کی نسل سے ہے ۔ لیکن بعد میں پتہ چلا کہ انکے والدین مختلف ہیں ۔تاہم دونوں کا تعلق وکیونا نسل سے ہی ہے ۔ لاما وزن اور حجم میں الپاکا سے دوگنا بڑا ہوتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں