وطن نیوز انٹر نیشنل

کرامت رکھی ربّ نے دستِ بشر میں

کرامت رکھی ربّ نے دستِ بشر میں

کرامت رکھی ربّ نے دستِ بشر میں
بڑا معجزہ ہے دعا کے اثر میں

کرو فیصلہ ربّ پہ کر کے بھروسہ
رکھا کچھ نہیں اس اگر اور مگر میں

سبھی کی ضرورت میں جو کام آئے
وہی شخص ہے معتبر اِس نظر میں

صحافت بھی اب نام کی رہ گئی بس
صداقت نہیں کوئی جھوٹی خبر میں

کہیں راستہ بھول جائے نہ گھر کا
دیے رکھ دیے ہیں تری رہگزر میں

محبت کی چوٹی ہے سر کرنی مجھ کو
بڑے حوصلے ہیں مرے بال و پر میں

کہاں تیری صورت کبھی بھولی بشریٰؔ
رہا عکس تیرا مری چشمِ تر میں

(بشریٰ سعید عاطفؔ)

اپنا تبصرہ بھیجیں