وطن نیوز انٹر نیشنل

5اگست کا اقدام واپس لینے تک بھارت سے کوئی بات نہیں ہوگی، عمران خان

5اگست کا اقدام واپس لینے تک بھارت سے کوئی بات نہیں ہوگی، عمران خان
اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک زندہ ہوں خواہ میری حکومت رہے یا نہ رہے شریف خاندان کو نہیں چھوڑوں گا ‘ جب میں مخالف سے نا انصافی نہیں کرتا تو اپنی پارٹی کے رہنماء جہانگیر ترین سے کیوں کروں گا۔
چینی مافیاکو این آراونہیں ملے گالیکن کسی سے ناانصافی بھی نہیں ہوگی‘شہباز شریف باہرجانے کی نہیں ملک سے بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں‘ہر جگہ مافیا بیٹھے ہیں جو تبدیلی نہیں آنے دے رہے‘ کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والا مافیاقانون کی بالادستی نہیں چاہتا۔
پانچ اگست کا اقدام واپس لینے تک بھارت سے بات نہیں ہوگی ‘ مغربی ممالک معاشی محاذپر چین کے مقابلے میں بھارت کو تیارکررہے ہیںاسی لئے مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر یہ ممالک خاموش ہیں ‘وزیر خزانہ شوکت ترین کو دو وجوہات پر لے کر آیا ہوں کہ وہ مہنگائی کم کریں اور شرح نمو بڑھائیں‘ ضروری نہیں کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی سپراسٹار ہو‘وزراءاچھا کام نہیں کریں گے تو ٹیم بدلنی پڑے گی ‘عوام عید کی چھٹیوں میں ماسک کا استعمال لازمی کریں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سرکاری ٹی وی پر ” آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ” پروگرام میں عوام کے براہ راست سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔
عمران خان نے کہا کہ نظریہ ضرورت کے تحت جسٹس منیر نے مارشل لا کو جائز قرار دیا۔ اس طرح ملک میں قانون کی بجائے طاقت ور کی حکومت قائم ہو گئی۔ نواز شریف نے سویلین ہونے کے باوجود ڈنڈوں سے سپریم کورٹ پر حملہ کیا اور چیف جسٹس کو نکالنے کے لئے پیسہ تقسیم کیا۔
جنرل مشر ف نے بھی چیف جسٹس کو نکالا جس کے خلاف میں نے اور میری پارٹی نے تحریک چلائی اور جیل کاٹی جبکہ دونوں بڑی جماعتوں کے لیڈر باہر بھاگ گئے تھے۔ ہماری حکومت عدلیہ ، نیب سمیت کسی بھی ادارے میں مداخلت نہیں کرتی۔کشمیریوں پر جس طرح ظلم ہو رہے ہیں دنیا ان کے ساتھ اس طرح کھڑی نہیں ہوئی۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ مارکیٹوں میں خریداری کے اوقات مقرر کرنے کے حوالے سے کافی بحث ہوئی۔ این سی او سی میں ماہرین اس کا جائزہ لے کر غور کریں گے۔ایک شہری کے سوال کے جواب میںعمران خان کا کہناتھاکہ شہباز شریف کا کیس چل رہا ہے ، وہ باہر بھاگنے کی کوشش کررہا ہے۔
ان پر منی لانڈرنگ کا صرف ایک کیس 700 ارب روپے کا ہے۔نواز شریف اور اس کے بیٹے اربو ں روپے کے گھروں میں رہے ہیں ۔ پورے پاکستان میں چوری کے جرم میں قید تمام قیدیوں نے مل کر اتنی چوری نہیں کی ہو گی جتنی شہباز شریف نے صرف ایک کیس میں کی۔میں کبھی کسی کو این آر او نہیں دوں گا کیونکہ مجھ میں خوف خدا ہے اور میں اللہ کو جوابدہ ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جہانگیر ترین یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی جبکہ میں نے کبھی کسی کے ساتھ ناانصافی کی اور نہ کی کسی پر جھوٹا کیس بنایا۔
زرداری اور شریفوں کی شوگر ملیں ہیں جب چاہیں چینی مہنگی کردیتے ہیں۔ مافیا سے کوئی رعایت نہیں ہوگی لیکن کسی کے ساتھ ناانصافی بھی نہیں ہوگی۔عمران خان کا کہناتھاکہ میڈیا میں جو لوگ تنقید کرتے ہیں انہیں کہتا ہوں کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں پوری دنیا میں ہے ۔
نواز شریف اور ان کے بیٹے، شہباز شریف کا بیٹا ، داماد، اسحاق ڈار اور ان کے بیٹے اپنی ہی حکومت کے دوران باہر بھاگ گئے ۔ اگر وہ سچے ہیں تو یہاں آ کر عدالتوں میں اپنی صفائی کیوں پیش نہیں کرتے جبکہ آج پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے۔ یہاں آ کر عدالت میں اپنی صفائی پیش کریں۔
نواز شریف اور شہباز شریف اپنی اور اپنے بچوں کی اربوں روپے کی پراپرٹی مریم نواز اپنے چار بڑے محلات کا حساب نہیں دے سکتے۔ ان کے پاس کوئی منی ٹریل نہیں۔ یہ این آر او کے انتظار میں باہر بیٹھے لیکن جب تک میں زندہ ہوں خواہ میری حکومت رہے یا نہ رہے میں ان کو چھوڑوں گا نہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں