وطن نیوز انٹر نیشنل

فوج محب وطن ہے، عمران اپنے بیان کی خود وضاحت کریں، انکا کیا مقصد تھا؟ صدر مملکت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل
کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنے بیان کی خود وضاحت کریں، ان کے کہنے کا کیا مقصد تھا؟پشاور میں صدر مملکت عارف علوی نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی اور کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے حالات بہتر ہوں گے، آئی ایم ایف کے بعد دیگر ادارے بھی آگے آئیں گے، مہنگائی زیادہ ہے، اس پر قابو پانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سیلاب میں ڈونرز ایجنسیوں کو پاکستان کی مدد کرنی ہوگی، سیلاب نے پورے پاکستان میں تباہی مچائی ہے، جیکب آباد، سکھر، بدین اور دادو سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم شہباز شریف سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، پہلے جو پارٹی کہتی تھی کہ انتخابات تاخیر سے ہوں وہ اب کہتی ہے کہ جلد ہوں۔سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان کے ردعمل میں صدرمملکت کا کہنا تھاکہ فوج محب وطن ہے، جان دیتی ہے، فوج نے سیلاب میں بھی کام کیا، آرمی چیف سمیت پوری فوج کی حب الوطنی پر شک نہیں کیا جاسکتا، موجودہ حکومت سمیت سب ادارے محب وطن ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ عمران خان اپنے بیان کی خود وضاحت کریں کہ ان کے کہنے کا کیا مقصد تھا۔عارف علوی کا کہناتھاکہ پس پردہ مفاہمت کیلئے کام کر رہا ہوں اور کوشش کر رہا ہوں کہ اسٹیک ہولڈرز میں غلط فہمیاں دور کروں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب میں پاک فوج کی سینیئر قیادت سے متعلق ہتک آمیز بیان دیا تھا جس پر ملکی قیادت اور پاک فوج کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں