وطن نیوز انٹر نیشنل

پولینڈ ؛ سمندر میں ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران ’جنگ عظیم دوم کا بم‘ پھٹ گیا

وارسا: پولینڈ میں دوسری جنگ عظیم کے دوران گرائے گئے بم کو زیر آب ناکارہ بنانے کی کوشش کی جارہی تھی کہ اچانک بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم احتیاطی تدابیر اختیار کیے جانے کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ میں جنگ عظیم دوم کے دوران پھینکا گیا بم دریافت ہوا تھا یہ بم 1943 میں ہونے والی جنگ کے دوران پھٹنے سے رہ گیا تھا۔ بارہ میٹر گہرائی میں دھنسے اس بم کا اگلا حصہ ہی باہر نظر آرہا تھا، بم کے آدھے حصے میں بارودی مواد بھرا ہوا تھا۔
پولینڈ کی بحریہ نے 19 فٹ لمبے اور 5.4 ٹن وزنی زیر آب بم کو ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے ناکارہ بنانے کی کوشش کی تاہم ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران ہی بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ تجربے سے قبل قریبی علاقوں کو خالی کرانے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولینڈ بحریہ کے اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ’اس ڈیوائس کے استعمال کے دوران ہی بم دھماکے سے پھٹ گیا، تاہم اب ہم اس بم کو ناکارہ قرار دے سکتے ہیں اور اس سے بحیرہ بالٹک میں جہاز رانی کے لیے استعمال ہونے والی سوینجوسی کنال کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ یہ بم 1945 میں آر اے ایف نے ایک حملے کے دوران گرایا تھا جس کے باعث جرمنی کا ایک بحری جہاز بھی لاٹزو بھی ڈوب گیا تھا۔ اس بم کو ارتھ کوئیک یعنی ’’زلزلے‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں