وطن نیوز انٹر نیشنل

شمالی وزیرستان ، گوادر میں حملے، کیپٹن سمیت 20 اہلکار شہید

شمالی وزیرستان اوربلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں کیپٹن سمیت 20اہلکار شہید ہو گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک کے قریب سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک افسر اور5جوان شہید ہو گئے ۔دہشت گردوں نے فورسز کے قافلے کو سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا۔شہید ہونیوالوں میں 24سالہ کیپٹن عمر فاروق، 44 سالہ نائب صوبیدار شکیل آزاد، 37سالہ نائب صوبیدار ریاض احمد،36 سالہ حوالدار یونس خان، 37سالہ نائیک محمد ندیم اور 30 سالہ لانس نائیک عصمت اللہ شامل ہیں۔واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دوسری طرف بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل اورماڑا کے قریب کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں نے گوادر سے کراچی جاتے او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر حملہ کردیا ، ایف سی اہلکاروں اور سکیورٹی گارڈز نے حملہ آوروں کوبھر پور جواب دیا اور ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنایا ، جھڑپ میں ایف سی کے 7اہلکار اور 7سکیورٹی گارڈشہید ہو گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لڑائی کے دوران دہشت گردوں کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ ایف سی کے شہید ہونے والے اہلکاروں میں لیہ کے صوبیدار عابد حسین، سبی کے نائیک محمد انور، ڈیرہ غازی خان کے لانس نائیک افتخار احمد، چکوال کے سپاہی محمد نوید، پشین کے لانس نائیک عبداللطیف ، میانوالی کے سپاہی محمد وارث، لکی مروت کے سپاہی عمران خان جبکہ شہید سکیورٹی گارڈز میں حوالدار (ر)سمندر خان اور محمد فواد اللہ، ڈی آئی خان کے عطااللہ، ٹانک کے وارث خان، کوہاٹ کے رہائشی عبدالنافع اور شاکر اللہ کے علاوہ بنوں کے عابد حسین شامل ہیں۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کردہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملک دشمن عناصر کو اس قسم کی بزدلانہ سرگرمیوں کے ذریعے بلوچستان میں معاشی ترقی کے عمل اوراس کے امن واستحکام کو سبوتاژ کرنے نہیں دیا جائیگا،دشمن کی سرگرمیاں مادروطن کے دفاع کیلئے پرعزم ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کوسٹل ہائی وے پر او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر حملے کی رپورٹ طلب کر لی ،انہوں نے شہدا کے خاندان سے ہمدردی کااظہار کیااور شہدا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہاشرپسند عناصر کے عزائم ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،حملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ اعجاٍز احمد شاہ نے کہا پوری قوم شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے ،ملک و قوم کی سلامتی و بقا کیلئے پاک فوج کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ٹوئٹر پراپنے پیغام میں کہادشمن بلوچستان اور اس کے عوام کو ترقی کرتے نہیں دیکھ سکتا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رزمک حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،انہوں نے کہاسکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ دشمن کی بزدلانہ حرکت ہے ،پاکستان کا امن اور استحکام ملک دشمن عناصر کی آنکھ میں کھٹکتا ہے ۔ آج پوری قوم، دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کیلئے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ،انہوں نے شہداکو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاملک و قوم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اس دلخراش واقعے میں ملوث عناصر کی سرکوبی اور انہیں کیفردار تک پہنچانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ محمود خان نے متاثر ہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک وقوم کے تحفظ کیلئے پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداکے اہلخانہ سے بھرپور یکجہتی کا اظہارکیا،انہوں نے مزید کہا پوری قوم ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ایک پیج پر ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں