وطن نیوز انٹر نیشنل

بھارت کے مقابلے میں پاکستان نے کورونا وائرس کا بہتر مقابلہ کیا، راہول گاندھی

راہول گاندھی نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے جاری کردہ ایک چارٹ کا حوالہ دیا جس میں جنوبی ایشیا کے ممالک میں سال 2020 اور 2021 کے درمیان کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود معاشی ترقی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس چارٹ میں بنگلہ دیش، میانمار، نیپال، چین، بھوٹان، پاکستان، سری لنکا، افغانستان اور بھارت کا ذکر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں بھارتی معیشت 10.3 فیصد تک سکڑے گی جسے طنزیہ طور پر انہوں نے مودی حکومت کا ایک ’ٹھوس کارنامہ‘ قرار دیا۔

اپنی ٹویٹ میں راہول نے چارٹ کا حوالہ بھی دیا جس میں بھارتی معیشت کی سب سے کم ترقی کو ظاہر کیا گیا ہے۔ چارٹ کے ساتھ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’یہاں تک کہ پاکستان اور افغانستان نے بھی بھارت کے مقابلے میں کووڈ کا بہتر مقابلہ کیاہے جو حکومت کا ایک ٹھوس کارنامہ ہے۔ انہوں نے بی جے پی کی چھ سالہ حکومت کو ’نفرت بھری قوم پرستی‘ بھی قرار دیا۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے مطابق بھارت میں کورونا کے کیسز میں اب بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس کے معیشت پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں