وطن نیوز انٹر نیشنل

برسلز: چھوٹا بازار سری نگر کے شہداء کی یاد میں سیمینار برسلز میں ہوگا

برسلز (پ۔ر
چھوٹا بازار سری نگر کے شہداء کی یاد میں کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام سیمینار جمعہ کے روز یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں منعقد ہوگا۔
یاد رہے کہ گیارہ جون ۱۹۹۱ء کو بھارت کے درندہ صفت فوجیوں نے سری نگر کے گنجان آباد علاقے چھوٹا بازار میں بلااشتعال فائرنگ کرکے ۳۲ بے گناہ افراد کو شہید اور بائیس کو زخمی کردیا تھا۔ فائرنگ سے کئی دوکاندار اور راہگیر بھی نشانہ بنے اور مرنے والوں میں ایک ۷۵ سالہ عمررسیدہ شخص اور ایک دس سالہ بچہ بھی شامل تھے
برسلز میں سیمینار جمعہ گیارہ جون کو دن دوبجے یورپین پریس کلب میں کرونا وائرس کے حوالے سے اندرون خانہ تقریبات کے لیے نئی ہدایات کے مطابق منعقد ہوگا
سیمینار کے مقررین چھوٹا بازار کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال بشمول جموں کو کشمیر سے باقاعدہ الگ کرنے کے مودی حکومت کے منصوبے پر بھی گفتگو کریں گے۔
برسلز سے جاری ہونے والے بیان میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ اگرچہ چھوٹا بازار کے دلسوز واقعے کو تیس سال گزر چکے ہیں لیکن آج بھی کشمیریوں کے لیے یہ غم تازہ ہے، خاص طور پر وہ لوگ اس دردناک واقعے بھول نہیں سکتے جن کے پیارے اس واقعے میں جانبحق ہوگئے تھے۔
انہوں نے چھوٹا بازار کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ چھوٹا بازار کے شہداء سرزمین کشمیر کے عظیم سپوت تھے اور کشمیری قوم اپنے ان شہداء کو احترام اور عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہم پرعزم ہیں کہ شہداء کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی بلکہ ان کا مشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔
علی رضا سید نے کہاکہ وقت نے اب تک بتایا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کو چھپانے میں ناکام رہا ہے اور نہ ہی وہ کشمیریوں کی جدوجہد کو روک سکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں