وطن نیوز انٹر نیشنل

بھارتی یاتری پاکستان پہنچ گئے

بھارت سے واہگہ کے راستے لاہور پہنچنے والے ہندو یاتریوں کے وفد کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے پشاور پہنچا دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق بھارتی سول ایوی ایشن نے پاکستانی ائیرلائن کو اپنی ائیرلائن کے دباو پر پرواز کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جس پر پی آئی اے نے متبادل انتظامات کے طور پر ہندو یاتریوں کو واہگہ کے ذریعے پاکستان منتقل کیا ہے۔

واہگہ پہنچنے پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد ملک کی جانب سے ڈسٹرکٹ مینیجر لاہور عبدالمقدم خان نے وفد کا استقبال کیا۔ واہگہ سے پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے یاتریوں کی قیادت کی، خصوصی پرواز پر161 یاتری لاہور سے پشاور روانہ ہوگئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یاتریوں نے پی آئی اے کی خدمات کو سراہا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک کی جانب سے خصوصی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی انتظامات کر رہا ہے، پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کے مقدس مقامات ہیں جن کی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ ارشد ملک نے مزید کہا کہ2021 میں شمالی علاقہ جات کے آپریشن میں توسیع کی اور ہندو یاتریوں کیلئے خصوصی پروازیں آپریٹ کیں۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں اس آپریشن میں مزید توسیع کے بعد بیساکھی کیلئے سکھ یاتریوں اور بدھ مت کے ماننے والوں کیلئے بھی پیکج ترتیب دے رہےہیں۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر نے کہا کہ پی آئی اے بلاتفریق ہر مذہب کے پیروکاروں کو سہولیات فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں