وطن نیوز انٹر نیشنل

روس نے یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز کردیا ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جنگ بند کرنے کی اپیل

روس نے یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز کردیا ہے، روسی وزارت دفاع کے مطابق صدر پیوٹن کی طرف سے لوگانسک اور ڈونیسک کی مدد کی تحریری درخواستوں پر یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی کے اعلان کے بعد یوکرین میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہےجن میں فوج اور فضائیہ کی تنصیبات اور فوجی ہوائی اڈے شامل ہیں۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین کی مسلح افواج کی نقل و حرکت کو جدید ترین ہتھیاروں کی مدد سے غیر موثر کیا جا رہا ہے۔ یوکرین کے وزیر خارجہ دمتری کولیبا نے کہا ہے کہ روسی فوج نے ان کے ملک کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کر دی ہے اور ہم اپنے ملک کا دفاع کریں گے۔

قبل ازیں روسی صدر نے یوکرین میں علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول علاقوں لوگانسک اور ڈونیسک کی درخواست پر روسی فوج ان علاقوں میں بھیجنے کا اعلان کیا جس پر جمعرات کی صبح فوجی کارروائی شروع کر دی گئی۔یوکرینی حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سرحد کے قریبی علاقوں اور فوجی تنصیبات کومیزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

روسی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت کیف ، ماریوپول، اوڈیسا اور خارکوف کے علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ یوکرین کے بارڈر گارڈز کی طر ف سے جاری بیان کے مطابق روس اور بیلاروس کے ساتھ ان کے ملک کی سرحدوں پر گولہ باری کی جارہی ہے ۔یوکرین کی وزارت داخلہ کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول شہر سکاشیا پر روسی فوج نے قبضہ کر لیا ہے۔

دریں اثنا روسی حکام نے اپنے جنوبی شہروں سے پروازیں معطل کر دی ہیں اور ماسکو سٹاک ایکسچینج کو بند کر دیا گیا ہے۔ نیٹو کے سربراہ جینز سٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے نیٹو کی کونسل آف ایمبیسیڈرز کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ یوکرین کی وزارت انفراسٹرکچر نے بتایا کہ تحفظ کو درپیش شدید خطرات کے باعث شہریوں کے لیے فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔

اقوام متحدہ میں یوکرین کے سفیر سرگی کیسلیٹس نے سلامتی کونسل سے درخواست کی کہ وہ ان کے ملک کے خلاف جنگ کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے۔ یوکرین کے سفیر نے 15 رکنی کونسل کے اجلاس کو بتایا کہ جنگ کو روکنا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے ، انہوں نے اقوام متحدہ میں روس کے سفیر واسیلی نیبنزیا پر زور دیا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کو جنگ روکنے کے لیے فون کریں ۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے چیف ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ ہم ایک بار پھرتمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال کے باوجود مشرقی یوکرین میں اقوام متحدہ اور اس کے انسانی ہمدردی کے شراکت دار اس لائن کے دونوں طرف کے لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین میں فوجی کارروائی کو روکے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے یوکرین کے بحران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ روسی صدر اپنی فوجیں واپس اور یورپ میں فوجی آپریشنز کی اجازت نہ دیں۔اقوام متحدہ میں روس کے سفیر ویسلے نیبنزیا نے کہا ہے کہ روس کی فوجی کارروائی یوکرین میں اقتدار میں آنے والی فوج کو نشانہ بنانے کے لیے ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا کہ ہم یوکرین کے عوام کے خلاف نہیں بلکہ یوکرین میں فوجی اقتدار کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولن برگ نے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس سے کئی لوگوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہو گئی ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ وہ یوکرین پر روسی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سفارتکاری کے ذریعے بحران کا حل نکالنے سے متعلق بار بار انتباہ کرنے اور انتہائی کوششوں کے باوجود روس نے ایک بار پھر یوکرین کے خلاف جارحیت کے راستے کا انتخاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس انتہائی مشکل وقت میں یوکرین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور نیٹو تمام اتحادیوں کے تحفظ اور دفاع کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔

اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر لنڈا تھامس فیلڈ نے روسی صدر سے اپیل کی کہ وہ اپنے فوجیوں، ٹینکوں اور جہازوں کو واپس ان کے بیرکس اور ہینگرز میں بھیجیں اور اپنے سفارتکاروں کو مذاکرات کی میز پر لائیں۔

یوکرین پر روسی حملے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے یوکرینی ہم منصب وولودیمیر زیلنسکے سے بات چیت کی اور امریکی حمایت اور مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے ایک بیان میں یوکرین پر روسی فوج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم یوکرین اور اس کی عوام کی حمایت اور مدد جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں