وطن نیوز انٹر نیشنل

اقوام متحدہ نے 15مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قراردیا

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قرارداد میں جسے گزشتہ روز اقوام متحدہ کے193رکن ممالک نے اتفاق رائے سے منظور کیا اور55 مسلمان ممالک نے اس کو پیش کرنے میں تعاون کیا، مذہب اور عقیدے کی آزادی کے حق پر زور دیا گیا اور 1981کی ایک قرارداد کا حوالہ دیا گیا جس میں ہر قسم کے عدم برداشت اورمذہب یا عقیدے کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

قرارداد میں اس بات سے قطع نظر کہ کرنے والا کون ہے ، اسلاموفوبیا، سام دشمنی، کرسچن فوبیا اور تعصبات سے متاثرہ دنیا کے مختلف حصوں میں بہت سے مذاہب اور کمیونٹیز کے ارکان کے خلاف امتیازی سلوک، عدم برداشت اور تشدد کے واقعات میں مجموعی طور پر اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیاگیاہے۔

قرارداد میں تمام ممالک، اقوام متحدہ کے اداروں، بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور مذہبی تنظیموں سے کہا گیا ہے کہ وہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن منانے کے لئے اسلامو فوبیا کو روکنے کی غرض سے ہر سطح پر آگاہی کو موثر طریقے سے بڑھانے کے لئے اعلیٰ سطحی تقریبات کا انعقادکریں اور ان کی حمایت کریں۔

ایک عرب صحافی محمد الہاشمی الحامدی نے قرارداد کی منظوری پر پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا قرارداد کی منظوری میں نمایاں کردار ہے۔ واضح رہے یہ قرارداد پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کے تعاون سے پیش کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں