وطن نیوز انٹر نیشنل

برسلز: ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور صحافیوں کے کارکنوں کے خلاف بھارتی کاروائیوں کی مذمت کرتے ہیں، علی رضا سید

برسلز (پ۔ر)
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں انسانی حقوق کے معروف علمبردار خرم پرویز، پروینا آہنگر اور انسانی حقوق کے دیگر کارکنوں اور صحافیوں کے گھروں و دفاتر پر بھارتی حکام کے بلاجواز چھاپوں کی مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے حکام نے بدھ کے روز سری نگر میں ایشین فیڈریشن برائے انسداد جبری گمشدگی (اے ایف اے ڈی) کے چیئرمین اور جموں و کشمیر سول سوسائٹی کے اتحاد کے پروگرام کورآرڈی خرم پرویز کی رہائش گاہ اور گم شدہ افراد کے والدین کی تنظیم (اے پی ڈی پی) کی بانی پروینا آھنگر کے دفتر اور انسانی حقوق کے کچھ دیگرکارکنوں اور بعض صحافیوں کے گھروں اور دفاتر پر بلاجواز چھاپے مارے ہیں۔ جن اخبارات کے دفاتر پر چھاپے مارگئے ان میں گریٹر کشمیر بھی شامل ہے۔ اس سے چند دن قبل سری نگر میں کشمیر ٹائمز کا دفتر بھی سیل کیا جاچکاہے۔ اپنے ایک بیان میں ان حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ ہم ان چھاپوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارت انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ان شخصیات اور ان صحافیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو اپنا غیرجانبدارانہ کردار ادا کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر سے انسانی حقوق کی حقیقی صورتحال دنیا کو دکھا رہے ہیں۔علی رضا سید نے کہاکہ بین الاقوامی شہرت کے حامل انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز کافی عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے لیے کام کررہے ہیں اور پروینا آھنگر کی خدمات کے طور پر انہیں اور انسانی حقوق کے ایک اور کشمیری علمبردار پرویز امروز کو ناروے کا “رفتو” ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ بھارتی اقدامات انسانی حقوق کے بارے میں مسلمہ اقدار اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں اور اظہار رائے اور پریس کی آزادی کے منافی ہے۔
علی رضا سید نے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ان شخصیات اور صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا جو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں حقائق کو دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں، خاص طور پر یہ لوگ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر انسانی حقوق کے مسائل کو اجاگر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان شخصیات کی مخلصانہ کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے کہاکہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بھارت کو انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کے خلاف بے جا کاروائیوں سے روکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں