وطن نیوز انٹر نیشنل

آرمینیائی باشندوں نےعلاقہ آذربائیجان کے حوالے کرنے سے قبل گھروں کوآگ لگا دی

ناگورنو کاراباخ کے علاقے سے آرمینیائی باشندوں کا انخلاءشروع ہوگیا۔ اپنے آبائی گھر آذربائیجان کی فوج کے حوالے کرنے سے قبل ہی آرمینیائی باشند وں نے اپنے گھروں کو خود آگ لگا دی۔جلتے ہوئے گھروں سے اٹھتے ہوئے دھوئیں کے بادل فضا میں کئی میل دور سے نظر آرہے ہیں۔

امن معاہدے کے مطابق متنازع علاقے میں موجود آرمینیا کے باشندوں کو ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ علاقے کا کنٹرول آذربائیجان کو دینے کے خلاف آرمینیا سمیت ناگورنو کاراباخ کےمقامی افراد کا احتجاج بھی جاری ہے۔
دوسری جانب عوام آرمینیا کے وزیر اعظم کے خلاف ریلیاں نکال رہے ہیں اور نعرے بازی بھی کر رہے ہیں۔ مقامی عبادت گاہوں کو خیر آباد کہنے کیلئے آخری بار تقریبات کا اہتمام بھی جاری ہے۔

لڑائی میں دونوں ممالک کے ہلاک ہونےو الے فوجیوں کی لاشوں کا تبادلہ بھی کیا جارہا ہے۔آرمینیا ، آذربائیجان اور روس کے درمیان ہونےو الے معاہدے کے مطابق روس نے امن قائم رکھنے کیلئے 2 ہزار فوجی اہلکاروں کو سولہ مقامات پر تعینات کیا ہے۔

روسی ملٹری کے ہیلی کاپٹرز ناگورنو کاراباخ کے علاقے میں پہنچا دیئے گئے ہیں۔ آہستہ آہستہ علاقے کا کنٹرول آذربائیجان کی فوج کو دینے کا عمل جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں