وطن نیوز انٹر نیشنل

بھارتی شرانگیزی کا خطرہ ,مسلح افواج ہائی الرٹ,ہندوستان کسانوں کے احتجاج اور مقبوضہ کشمیر میں‌بڑھتے مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے سرجیکل سٹرائیک کا سہارا لے سکتا ہے:مصدقہ ذرائع

کنٹرول لائن:بھارتی اشتعال انگیزی ,پاک فوج کے 2 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ,دشمن کا بھاری جانی و مالی نقصان , لداخ ، دو کلم میں ہزیمت کے بعد مودی حقائق ماننے سے انکاری،من گھڑت خبروں کیلئے انفارمیشن وار فیئر قائم کرلیا،پاک چین فضائیہ کی مشقیں ’’شاہین نائن‘‘ شروع ,کھوئی رٹہ سیکٹر:بھاری تو پخانے کے استعمال پرجوابی کارروائی، دشمن کی اہم چیک پوسٹیں اڑا دیں،لانس نائیک طارق، سپاہی زروف نے شہادت پائی:آئی ایس پی آر

لاہور ،اسلام آباد ،کراچی بھارتی شرانگیزی کے خطرے کے پیش نظر مسلح افواج کو ہائی الرٹ کردیا گیا، ادھر لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کے 2جوان بہادری سے لڑتے ہو ئے شہید ہوگئے ،دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا گیا،ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے اچانک کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلااشتعال بھاری تو پخانے سے فائرنگ کی ، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے دشمن کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ اہم چیک پوسٹیں اڑا دی گئیں، پاک فوج کے دو سپاہی لانس نائیک طارق اور سپاہی زروف نے بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔مصدقہ ذرائع کے مطابق بھارت اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک، کسانوں کا احتجاج، مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم اور اُس پر عالمی میڈیا اور اداروں کی تنقید سے توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کی کوششوں اور پلوامہ طرز کے ایکشن کی تیاری میں مصروف ہے ، 2016 میں بھی بھارت نے ناکام سرجیکل سٹرائیکس کا دعویٰ کیا تھا، 26 فروری 2019 کو بھی بھارت نے ناکام آپریشن کی کوشش کی،بھارت ایک مرتبہ پھر خطے کے امن کو تباہ کرنے کیلئے سر گرم ہے ، ہندوستان بارڈر ایکشن یاسرجیکل سٹرائیک کا سہارا لے سکتا ہے ،بھارتی پنجاب میں جاری کسان تحریک سے خالصتان تحریک کو اُبھرنے سے روکنے اور اُس کا زور توڑنے کیلئے بھارت شر انگیزی اور ایل او سی یا ورکنگ باؤنڈری پر کسی ایکشن کی تیاری میں مصروف ہے ،لداخ اور دو کلم میں ہزیمت کے بعد ہندوستان پر اندورنی اور بیرونی دباؤ ہے ، بھارت نے کارگل سے حاصل سبق کو بھلا دیا، کارگل میں بھارت نے حقائق چھپائے اور زیب داستان کئی کہانیاں گھڑیں، بھارتی ملٹری نے حقائق کو اپنے زاویے سے دکھانا شروع کر رکھا ہے ۔ دوکلم کرائسس 2017 سے لے کر اب تک مودی حکومت حقائق تسلیم کرنے سے انکاری ہے ،من گھڑت خبریں پسندیدہ چینلز کے ذریعے لیک کی جاتی ہیں، بھارت نے اس مقصد کیلئے انفارمیشن وار فیئر قائم کیا ہے ، بھارت اندرونی مسائل پر پردہ ڈالنے کیلئے پلوامہ طرز کا ڈرامہ کرسکتا ہے ، پاکستان کی مسلح افواج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ،ادھرپاک فضائیہ اور چینی فضائیہ کے مابین مشترکہ ہوائی مشق شاہین (نائن)پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ایئر بیس پر شروع ہو گئی، چینی فضائیہ کا دستہ پائلٹس، ا یئر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی عملے پر مشتمل ہے ، افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی چیف آف ا یئر سٹاف (آپریشنز)پاک فضائیہ ا یئر وائس مارشل وقاص احمد سلہری اور اسسٹنٹ چیف آف سٹاف چینی فضائیہ میجر جنرل سن ہانگ موجود تھے ، میجر جنرل سن ہانگ نے کہا کہ یہ مشترکہ فضائی مشق جنگی تربیت کو مزید بہتر بنانے اور دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گی، چینی فضائیہ کے عملے کو خوش آمدید کہتے ہوئے ا یئر وائس مارشل وقاص احمد سلہری نے کہا کہ ان مشقوں سے دونوں ممالک کے مابین بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے مابین بالخصوص عسکری تعاون کو فروغ حاصل ہو گا، فضائی مشق شاہین چینی فضائیہ کے ساتھ ہونے والی فضائی مشقوں کے سلسلے کی نویں مشق ہے جو کہ ہر سال دونوں ملکوں میں باری باری منعقد ہوتی ہے ،دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہندوستان کی جارحانہ پالیسیوں کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا بھارت اپنی اندرونی کمزوریوں سے توجہ ہٹانے کیلئے کوئی فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے ،میں بطور وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سکیورٹی کونسل کے صدر کو متعدد خطوط کے ذریعے اس حوالے سے پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرچکا ہوں، آج مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کافی بگڑ چکی ہے جو پالیسیاں کشمیریوں پر مسلط کی گئی ہیں تمام کشمیری اس پر سراپا احتجاج ہیں،کورونا وبا کے حوالے سے جس طرح ہندوستان نے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کئے ہیں ان سے اس کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے ، بھارت کی ان پالیسیوں کے خلاف کسان پورے بھارت میں سراپا احتجاج ہیں، اپوزیشن، ٹریڈ یونینز، وکلا اور طلبا بھی اس احتجاج میں شامل ہو چکے ہیں، ہمیں خدشہ ہے کہ بھارت اس داخلی صورت حال سے توجہ ہٹانے کیلئے کوئی ناٹک رچا سکتا ہے ،اسی تناظر کو سامنے رکھتے ہوئے ، آج میری برطانیہ میں 15 کے قریب پارلیمینٹرینز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ہو گی، میں نے اپنے پارلیمینٹرینز ، کشمیر کمیٹی کے سربراہ اور اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمینٹری رہنمائوں کو بھی مدعو کیا ہے تاکہ ہم ملکر برطانوی پارلیمنٹیرینز کو اسی بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کر سکیں،پچھلے دنوں لندن میں اس حوالے سے بہت بڑا احتجاج ہوا ،بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ غیر آئینی اقدامات کے خلاف ہزاروں کشمیریوں نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروایا،پاکستان، دنیا کی پارلیمینٹرینز جمہوریتوں کی توجہ بھارت کے جارحانہ اقدامات کی طرف دلا رہا ہے ،بھارت اس وقت حواس باختہ دکھائی دے رہا ہے ان کے ذمہ داران دھمکی آمیز زبان استعمال کر رہے ہیں جو ان کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ،وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہائوس آف کامنز ، ہائوس آف لارڈز، یورپین پارلیمنٹ، امریکی کانگریس اور دنیا بھر کی اہم پارلیمنٹس کو صف آرا ہو کر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنی چا ہئے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں علاقائی سلامتی اور پاکستان کی ترجیحات کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کی صدارت بھی کی ۔اس موقع پروزیر خارجہ نے کہا ہے کہ معیشت کو درپیش مشکلات کو کم کرنے اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لا رہے ہیں۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اعلی عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کوروناوبائی چیلنج ، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور بھارتی یکطرفہ پالیسیوں کے باعث خطے کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں