وطن نیوز انٹر نیشنل

واٹس ایپ نے 2021ء میں بڑی تبدیلیاں متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انسٹنٹ مسیجنگ کی مقبول ترین ویب سائٹ واٹس ایپ نے 2021ء میں کئی اہم تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگرچہ ان میں سے کئی تبدیلیاں رواں سال متوقع تھیں لیکن کورونا وبا کے باعث پیدا ہونے والے عالمی بحران کی وجہ سے 2020ء میں بعض تبدیلیاں مؤخر کی گئیں۔

واٹس ایپ نے کئی تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کرلی ہے تاہم ان میں سے اہم ترین تبدیلی یہ ہے کہ واٹس ایپ ویب پر بھی کال اور ویڈیو کال کی سہولت فراہم کردی جائے گی۔ اس حوالے سے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے واٹس ایپ ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ سال واٹس ایپ یہ سروس متعارف کروادے گا اور اس سروس کو متعارف کروانے کے بعد واٹس ایپ ویڈیو کالنگ ایپ زوم اور گوگل میٹ کی ٹکر پر آسکتا ہے۔
دوسری اہم تبدیلی متوقع ہے کہ بیٹا آئی او ایس کی اپ ڈیٹ کے بعد واٹس ایپ میں ایک سے زائد ویڈیوز اور تصاویر پیسٹ کی جاسکیں گی۔ اس کے علاوہ آئندہ سال واٹس ایپ کی رازداری یا پرائیویسی کی شرائط میں بھی تبدیلی کی جارہی ہے۔

پرائیوسی سے متعلق واٹس ایپ کی شرائط میں تبدیلی فروری تک متوقع ہے۔ اس حوالے سے تاحال کوئی واضح تبدیلیوں کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم تمام صارفین پر ان شرائط کو تسلیم کرنا ضروری ہوگا۔

علاوہ ازیں آئندہ سال واٹس ایپ ایک ہی اکاؤنٹ سے متعدد ڈیوائسز کو استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ ٹیکنالوجی امور کے ماہرین کے مطابق کورونا وبا کے بعد فاصلاتی رابطوں، ویڈیو کالنگ وغیرہ اور بڑھتی ہوئی اہمیت و ضرورت کے باعث اس شعبے میں آئند برس کئی تیز رفتار تبدیلیاں متوقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں