وطن نیوز انٹر نیشنل

اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر عمران خان کے موقف کا خیرمقدم کرتے ہیں، علی رضا سید

برسلز (پ۔ر)
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جمعہ کے روز ورچوئل خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان کے مسئلہ کشمیر پر واضح موقف کی تعریف کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم کے تازہ موقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے بڑے واضح طور پر کہا ہے کہ بھارت کا کشمیر پر قبضہ غیرقانونی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی میں ملوث ہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبا رہاہے اور نیز اب آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کررہاہے۔
علی رضا سید نے کہاکہ عمران خان کا موقف انتہائی واضح اور خوش آئندہ ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ عمران خان مسئلہ کشمیر کو خاص اہمیت دیتے ہیں لیکن اس وقت واضح موقف کے ساتھ ساتھ نتائج کے حامل اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے واضح کیا کہ کشمیریوں کی نظریں پاکستان پر ہیں اور پاکستان کو تقاریر کے ساتھ عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے اور آئے روز ماورائے عدالت قتل عام ہورہاہے، خصوصاً نوجوانوں کو نشانہ بنا کر قتل کیا جاتا ہے یا انہیں غیرقانونی حراست کے دوران ہی ماردیا جاتاہے ۔ بڑی تعداد میں نوجوان حراست کے دوران اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس وقت بے شمار لوگوں بے جرم و خطا جیلوں میں ہیں اور بہت سے سیاسی رہنماء بھی نظربند اور پابند سلاسل ہیں۔
خصوصا پچھلے سال پانچ اگست سے ابتک ظلم کی انتہا ہوچکی ہے، ملٹری لاک ڈاؤن مسلسل جاری ہے اور کشمیری سنگین پابندیوں کا سامنا کررہے ہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اپنے موثر سفارتی مشنز کو بیرون ممالک روانہ کرے اور مسئلہ کشمیر پر مضبوط موقف پیش کرے، خاص طور پر انسانی حقوق کا مسئلہ اجاگر کرے۔ عالمی عدالت میں ماورائے عدالت قتل عام و انسانیت کے خلاف دیگر جرائم کو پیش کرے۔
اس حوالے سے پہلے مرحلے میں فوری پر کشمیر پر ایک اعلیٰ سفارتی نمائندہ تعینات کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کو موثر طور پر اجاگر کرکے عالمی ضمیر کو بیدار جاسکا اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں اقوام عالم کی ہمدردی اور حمایت حاصل کی جاسکے۔ اس سے کشمیریوں کو بھی حوصلہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں، عالمی انسانی ضمیر کو جھنجھوڑا جائے تاکہ کم از کم سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرواسکے۔
انھوں نے کہاکہ اگرچہ کشمیری سات دھائیوں سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن وہ مصمم ہیں کہ اپنے حق خودارادیت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ بھارت انہیں ظلم و بربریت کے ذریعے دبا نہیں سکتا۔ کشمیری مسئلہ کشمیر کے منطقی حل تک اپنے جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ بڑی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیرکے موجودہ گھمبیر حالات جائزہ لینے کے لیے اپنے سفارتی نمائندہ مقبوضہ کشمیر روانہ کریں۔علی رضا سید نے عالمی برادری سے بھی کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد فراہم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں