وطن نیوز انٹر نیشنل

’ہم آسٹریلیا چھوڑ دیں گے‘، نئے مجوزہ قانون پر گوگل کی دھمکی

آسٹریلیا کی جانب سے گوگل کو نیوز پبلشرز کو ادائیگی کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کے بعد گوگل نے دھمکی دی ہے کہ وہ آسٹریلیا سے اپنا سرچ انجن ہٹا لے گا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا ایک تاریخی قانون متعارف کروا رہا ہے جس کے تحت گوگل، فیس بک اور ممکنہ طور پر دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کو میڈیا اداروں کو ان کے نیوز مواد کے لیے ادائیگی کرنی ہوگی۔

مگر امریکی ٹیکنالوجی کمپنیاں اس قانون کی مزاحمت کر رہی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ قوانین انتہائی سخت ہیں اور ان سے خدمات تک مقامی لوگوں کی رسائی میں مشکل پیدا ہوگی۔

آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم سکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ قانون ساز ‘دھمکیوں’ کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

اس مجوزہ قانون کے تحت گوگل اور فیس بک اگر نیوز پبلشرز کے ساتھ ان کے مواد کی قدر کے بارے میں اتفاق نہیں کر پاتے تو وہ ایک ثالث کی موجودگی میں ان کے ساتھ مذاکرات کرنے پر پابند ہوں گے۔

گوگل آسٹریلیا کی مینیجنگ ڈائریکٹر میل سِلوا نے جمعے کو ملکی سینیٹ کے سامنے ایک پیشی میں بتایا کہ یہ قوانین ‘ناقابلِ عمل’ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ‘اگر یہ تجاویز قانون بن جاتی ہیں تو اس کے بعد ہمارے پاس گوگل سرچ کو آسٹریلیا میں عدم دستیاب کرنے کے علاوہ اور کوئی حقیقی چارہ نہیں رہے گا۔’

اپنا تبصرہ بھیجیں