وطن نیوز انٹر نیشنل

چین انڈیا سرحدی تنازع: انڈین اور چینی فوجوں میں ’تازہ جھڑپ‘ اور ’دونوں ممالک کے فوجیوں کے زخمی‘ ہونے کی اطلاعات

انڈیا کے مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق چین اور انڈیا کی متنازع سرحد پر دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان دوبارہ ایک جھڑپ ہوئی ہے جس میں دونوں اطراف کے فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بی بی سی ہندی کے مطابق انڈین فوج نے سکم میں چین، انڈیا سرحد کے قریب ناکو لا سیکٹر میں دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان جھڑپ کی تصدیق کی ہے۔

ایک بیان میں انڈین فوج نے کہا ہے کہ ’20 جنوری کو انڈیا اور چین کی فوج کے بیچ شمالی سکم میں ایک معمولی جھڑپ ہوئی تھی اور اصولوں کے مطابق یہ معاملہ مقامی کمانڈروں نے سلجھا لیا ہے۔‘ انڈین آرمی نے میڈیا کو کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے سے گریز کریں۔

نمائندہ بی بی سی شکیل اختر کے مطابق اس جھڑپ میں فوجیوں نے ایک دوسرے کو گھونسوں اور مکوں سے نشانہ بنایا جس کے باعث متعدد فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ اس جھڑپ میں دونوں جانب کے کم ازکم ڈیڑھ سو فوجی ملوث تھے۔

انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق اس واقعہ میں 20 چینی جبکہ چار انڈین فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس متنازع سرحدی علاقے میں جھڑپوں کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھی ہے۔

گذشتہ سال جون میں وادی گلوان میں ایک جھڑپ کے نتیجے میں کم از کم 20 انڈین فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ چین نے اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا تھا کہ اس کے کتنے فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے تھے۔

انڈین میڈیا کے مطابق یہ حالیہ جھڑپیں سکم میں ’ناکو لا پاس‘ کے قریب پیش آئیں ہیں۔ سکم کا علاقے بھوٹان اور نیپال کے بیچ میں واقع ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں