وطن نیوز انٹر نیشنل

آئین کے مطابق حکومت کی حمایت جاری رکھیں گے، آرمی چیف

کاکول۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی ہماری قابلِ فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے،پاکستا ن میں کوئی بھی کسی اورکیلئے جوابدہ نہیں۔ ہم قوم کے سامنے ایک قابلِ اعتماد اور جوابدہ ادارہ کے طور پر حاضر رہتے ہیں، ہم نے بہترین نتائج کے لئے اپنا آپ پیش کر دیا، پاکستانی قوم ہر مشکل اور ہر چیلنج میں آپ کو اپنے شانہ بشانہ ملے گی ،پاکستانی قوم کا افواج پر اعتماد اور مضبوط رشتہ دراصل ہمارے غازیوں اور شہیدوں کی بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہم نے امن کیلئے بھاری قیمت ادا کی، امن سنگِ میل تو ہے منزل نہیں،پاکستان نے ان تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کیلئے بھرپور کوششیں کی، ہماری تباہی کا منصوبہ بنا نے والے دشمن مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں۔
پاکستان کو24/7ہائبرڈ وار کا سا منا ہے،اس ہائبرڈ وار کا ہدف عوام ہیں اور میدانِ جنگ انسانی ذہن ہیں،ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے،آئین ِپاکستان اور قومی مفادات تمام معاملات میں ہمارے رہنما ہیں،ہم آئین اور قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔دہشت گردی کی جنگ ہو یا کووڈ کے خلاف حکمت عملی، لوکٹس کے خلاف ہو یا سیلابی صورتحال، ہم نے بحیثیت قوم اپنی قابلیت اور اہلیت کو کارکردگی سے ثابت کیا ہے۔
پاکستا ن آرمی کو ان تمام قومی کوششوں میں شامل ہونے پر فخر ہے۔ُآرمی چیف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو زندگی کے اس یاد گار دِن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،میں پاس آؤٹ ہو نے والے دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی مْبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے محنت سے اپنی ٹریننگ کو مکمل کیا۔
آج کے دِن آپ ایک ایسی فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں جو پْوری دْنیا میں اپنی پیشہ وارانہ اور حربی صلاحیتوں کے لئے جانی اور پِہچانی جاتی ہے،آپ نے اپنے آپ کو ایک عظیم،مقدس اور انتہائی چیلنجنگ پروفیشن کیلئے اہل ثابت کیا ہے۔
پاکستان آرمی نے نہ صرف دہشت گردی کو شِکست دی بلکہ فروری2019میں اپنے سے5گنا بڑے دْشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا،پاکستان آرمی ہماری قابلِ فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے۔آپ چاہے آفیسر ہوں یاجوان، والنٹیر انڈکشن سے لے کر، تمام اکائیوں کی تناسب سے نمائندگی تک،آپ میں مدرسہ طالب علم سے کر پبلک سکول تک،ایک عام آدمی کے بیٹے سے لے کر متوسط وامیر کے بیٹے تک اور سب سے بڑھ کر شہیدوں کے وارث دراصل پاکستان کی خوبصورت نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن میں کوئی بھی کسی اورکیلئے جوابدہ نہیں،میں اسے اعزاز سمجھتا ہو ں کہ ہم قوم کے سامنے ایک قابلِ اعتماد اور جوابدہ ادارہ کے طور پر حاضر رہتے ہیں،لہذا تمام کامیابیوں اور چیلنجز کے باوجود جب بھی وطن اور قوم کو ہماری ضرورت پڑی، ہم نے بہترین نتائج کے لئے اپنا آپ پیش کر دیا۔
،پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے لیکن پاکستانیوں کے دِل بہت بڑے ہیں،پاکستانی قوم ہر مشکل اور ہر چیلنج میں آپ کو اپنے شانہ بشانہ ملے گی اور آپ پر فخر بھی کرے گی اور عزت بھی دے گی،آپ پر فرض ہے کہ مکمل وَفاداری اور بے مثال لگن سے اْن کے اعتماد پر ہمیشہ پْورا اْتریں۔،پاکستانی قوم کا افواج پر اعتماد اور مضبوط رشتہ دراصل اْن بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے جو ہمارے غازیوں اور شہیدوں نے اپنے لہو سے رقم کی ہیں،آپ پر لازم ہے کہ اس رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر بناتے جائیں،نظم و ضبط، فرائض کی بجاآوری اور غیر جانب داری آپ کا ہدف ہونا چاہیے،آپ کو اپنی جوانی کا ایک بڑا حصّہ سخت مشکلات اور بہتر ملکی مستقبل کی آبیاری میں مختص کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں