وطن نیوز انٹر نیشنل

اپوزیشن اتحاد غیر فطری ، ماضی کی طرح پارہ پارہ ہوجائیگا: بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا ملک کی ترقی کو روکنا اور اپنی کرپشن کو تحفظ دینا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد غیر فطری ہے ، وہ دن دور نہیں جب یہ اتحاد بھی ماضی کی طرح پارہ پارہ ہو جائے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوام کے حقیقی مسائل کا کو ئی ادراک نہیں ، یہ عناصر محض ذاتی مفادات کی خاطر عارضی طور پر ایک نظر آتے ہیں۔پاکستان کے عوام اپوزیشن کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔ یہ اپنے منفی بیانیے سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ۔ اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی واویلا کر لیں ،حکومت مدت پوری کرے گی۔اپوزیشن جماعتوں کے ہاتھ نہ پہلے کچھ آیا نہ آئندہ کچھ آئے گا۔ادھر وزیراعلیٰ سے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس تاشفین صفدر چودھری نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی کے حصول کیلئے جدید ون ونڈو سسٹم کی کامیابی کے بعد آن لائن پلیٹ فارم کا بھی اجرا کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو نظام کی کامیابی کے بعد وزیر اعظم کی ہدایات کے پیش نظر اس سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ۔ خط غربت سے نیچے زندگی گزار نے والوں کے لئے نجی شعبہ کے اشتراک سے گھر بنائیں گے ۔کم آمدن والے لوگوں کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ تحریک انصاف کی حکومت کا گیم چینجر منصوبہ ہے ۔ ماضی میں کوئی حکومت اس منصوبے کو شروع کرنے کی ہمت نہ کر سکی۔دوسری طرف عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے ۔ کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف قانون سرگرمیوں پر قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر عوامی اجتماعات سے مرض کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے ، کورونا پر قابو پانے کیلئے کی گئی کاوشوں کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر عوام کو مزید احتیاط کرنا ہوگی۔ عثمان بزدار نے خوراک کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ اچھی خوراک ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے ۔ لوگوں کیلئے غذائی تحفظ کو یقینی بنا نا حکومت کی ذمہ داری ہے اور تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کے اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی یوم خوراک کا مقصد غذائی قلت سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلئے کوششوں میں مزید تیزی لانا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں