وطن نیوز انٹر نیشنل

مزارقائد پر نعرے بازی؛ شوبز شخصیات نے کیپٹن (ر)صفدر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

گزشتہ روز مزار قائد پر کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے سیاسی نعرے بازی کی گئی جس کے بعد پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو گرفتار کیا جو بعد ازاں عدالت سے ضمانت لیکر رہا ہوگیا تاہم مزار قائد پر سیاسی نعرے بازی کرنے پر سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ شوبز سے وابستہ افراد نے بھی کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

آمنہ الیاس

اداکارہ آمنہ الیاس نے انسٹا گرام پر اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب سیاست اور گٹر میں کوئی فرق نہیں رہا کہ، کیپٹن(ر) صفدر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر جا کر نعرے لگا رہے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو۔ اس طرح کے اقدام کرکے یہ لوگ قائد کو یہ عزت دے رہے ہیں، کیا یہ لوگ بھی اپنے والدین کی قبر پر جا کر بھی مفاد کے خاطر مجمع لگا کر نعرے بازی کرتے ہیں؟۔ کیا اس طرح کے لوگ ہمارے لیڈر بنے گے؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر حکومت سے مطالبہ کرتی ہوں کہ ایسے لوگوں کے خلاف فوری ایکشن لیں۔

وینا ملک

اداکارہ وینا ملک نے بھی اپنی ٹوئٹ میں سندھ پولیس کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کے مزار کی بے حرمتی کسی صورت قبول نہیں۔

فخر عالم

نیشنل ایوارڈ یافتہ گلوکار و اداکار فخر عالم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ جناب قائداعظم آپ کے مزار کی بے حرمتی پر ہم لوگ معذرت خواہ ہیں۔

خالد انعم

معروف گلوکار و اداکار خالد انعم نے بھی ویڈیو پیغام میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر نے جو کل قبر کے احاطے میں کیا، اگر میں وہاں موجود ہوتا توان کی اس حرکت پر منہ پر تھپڑ رسید کرتا کیوں کہ قائد اعظم اس ملک کے بانی ہیں بلکہ ہمارے باپ کی طرح ہیں اور ہمیں ان کی عزت کرنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں