وطن نیوز انٹر نیشنل

کینیڈا کے 41 سفارت کاروں کوبھارت سے نکلنے کا حکم


ہیڈ لائنز

کینیڈا کے 41 سفارت کاروں کوبھارت سے نکلنے کا حکم

اکتوبر 04, 2023


نئی دہلی میں کینیڈا کے ہائی کمیشن کے سامنے کا ایک منظر
نئی دہلی میں کینیڈا کے ہائی کمیشن کے سامنے کا ایک منظر

بھارتی وزارتِ خارجہ نے کینیڈا کو بھارت میں اپنے سفارتی اسٹاف کم کرنے اور 41 سفارت کاروں کو ملک سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔

نئی دہلی میں قائم کینیڈا کے ہائی کمیشن میں 62 سفارت کار متعین ہیں جن میں سے لگ بھگ تین درجن سفارت کاروں کو ملک سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔

برطانوی اخبار ’فنانشل ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نئی دہلی کا یہ اقدام منگل کو سامنے آیا ہے۔

بھارت نے کینیڈا کے سفارت کاروں کو ملک سے نکلنے کا حکم ایک ایسے موقع پر دیا ہے جب دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں اور دونوں پہلے بھی ایک دوسرے کے اعلیٰ سفارت کاروں کو اپنے اپنے ممالک سے نکال چکے ہیں۔

’فنانشل ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق اس معاملے سے باخبر عہدیدار کا کہنا تھا کہ بھارت نے دھمکی دی ہے کہ اگر 10 اکتوبر تک سفارتی اسٹاف میں کمی نہ کی گئی تو اس کے بعد ان سفارت کاروں کو حاصل سفارتی استثنیٰ ختم کر دیا جائے گا۔

بھارت اور کینیڈا میں سفارتی سطح پر کشیدگی نے اس وقت جنم لیا جب کینڈا میں ایک ہردیپ سنگھ نجر کے نامی کینیڈین شہری کا قتل ہوا اور پھر کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ ماہ پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے یہ کہا کہ ہردیپ سنگھ نجر کی ہلاکت میں بھارت کے ملوث ہونے کے باوثوق الزامات موجود ہیں۔

تاہم بھارت کی جانب سے اس کی تردید کی گئی۔ نئی دہلی کے مطابق ہردیپ سنگھ نجر دہشت گرد اور بھارت کو مطلوب تھا۔

ہردیپ سنگھ نجر 45 سالہ سکھ رہنما تھے جنہیں کینیڈا کے شہر وینکوور کے ایک مضافاتی علاقے سرے میں نقاب پوش مسلح افراد نے ایک گورودوارے کے سامنے قتل کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں